• news

گوجرانوالہ: مقابلے میں 3 دہشت گرد ہلاک‘ نصیر آباد میں 2 مارے گئے

گوجرانوالہ+ نصیر آباد+ کوئٹہ+ ملتان+ چکوال (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگاران) گوجرانوالہ میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ نصیر آباد میں جھڑپ کے دوران 2 شدت پسند مارے گئے جبکہ کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق حساس اداروں کی اطلاع پر اروپ میں سی ٹی ڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقابلہ کے بعد تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ ان کے 2ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرا ہو گئے، فرار ہونے والے دونوں دہشت گردوں کی تلاش کے لئے علاقہ بھر کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے ، سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مارے جانے والے دہشت گرد وں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا جو حساس اور اہم مقامات کو نشانہ بنانے کی پلاننگ کر رہے تھے ، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضہ سے دو کلاشنکوف،دو پسٹل اور بھاری مقدار میں گولیاں بھی برآمد ہوئی ہیں ،سی ٹی ڈی پولیس نے ہلاک ہونے والے تینوں دہشت گردوں کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا۔ ادھر بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں سکیورٹی فورسز نے 2 دہشت گرد ہلاک کر دئیے۔ ترجمان ایف سی کے مطابق چھتر اور پولیجی میں کارروائی کی گئی۔ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا اور وہ اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری میں ملوث تھے جبکہ چکوال بڑی تباہی سے بچ گیا۔ تحصیل کلرکلہار سے غیرقانونی طور پر دھماکہ خیز مواد تیار کرنے والی فیکٹری پکڑی گئی۔ ایف سی اور پولیس حکام نے سوئی کے قریب کٹھن کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے نالے سے پانچ کلو دھماکہ خیز مواد اور تخریبی مواد و اسلحہ بھاری مقدار میں برآمد کرلیا۔ ادھر سی ٹی ڈی نے ملتان میں سرچ آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا‘ دہشت گردوں سے 1250 گرام بارود‘ 2 دستی بم اور حساس مقامات کے نقشے برآمد کر لئے گئے۔ کارروائی بس اڈہ کے قریب کی گئی۔ چکوال سے نامہ نگار کے مطابق چکوال بڑی تباہی سے بچ گیا، حساس اداروں اورسول ڈیفنس کی مشترکہ کارروائی میں تحصیل کلرکہار کے علاقے نیلہ واہن کے جنگل سے غیر قانونی طور پر دھماکہ خیز مواد تیار کرنے والی فیکٹری پکڑی گئی ، ایک ٹن14من 8کلو دھماکہ خیز مواد جبکہ4ٹن خام بارودی مواد جن میں 7بوریاں سلفر وزن375کلو گرام، کوئلہ کی ایک بوری وزن30کلو گرام اور تیار شدہ بارود کی45بوریاں وزن 1595کلو گرام ، سوڈیوم نائٹریٹ کی42بوریاں وزن2030کلو گرام، پوٹاشیم کی دو بوریاں وزن50 کلو گرام اور دیگر بارودی میٹریل برآمد کیا۔ فیکٹری مالکان محمد اقبال اور محمد احسان ساکن خوشاب کو گرفتار کر لیا گیا۔ کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق چمن میں صلاح الدین لیویز پوسٹ کے قریب دھماکہ ہوا تاہم دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا‘ دھماکہ خیز مواد سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا‘ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ ادھر کوئٹہ میں بروری روڈ کے علاقے گلشن ٹائون میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ این این آئی کے مطابق انسداد دہشت گردی فورس نے مالاکنڈ میں کارروائی کرکے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا جو اپنے ساتھیوں کے ساتھ سکولوں کو جلانے میں ملوث تھا۔

ای پیپر-دی نیشن