عمران کا دل چاہتا ہے سب اوپر اٹھ جائیں اور میں وزیراعظم بن جاؤں :سعدرفیق
اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کا دل چاہتا ہے کہ سب اوپراٹھ جائیں اور وہ وزیراعظم بن جائیں،عمران خان اپنی خواہشوں اور خوابوں کے غلام بن چکے ہیںاور وہ جمہوری عمل میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں ،عمران خان کے دھرنوں کی کالز کا مقصد خرابی پیدا کرنا ہے پوری قوم عمران خان کے عزائم جان چکی ہے،عمران خان کے عزائم اب کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں،انشاء اللہ جمہوریت بھی چلتی رہے گی اور پاکستان بھی آگے بڑھتا رہے گا۔مسلم لیگ ن کے انٹرا پارٹی الیکشن میں مرکزی 10عہدوں کیلئے انتخاب ہوگا،مرکزی عہدیدارمنتخب کے بعد باقی عہدوں پر تعیناتیاں کرسکیں گے۔ وہ پیر کو مسلم لیگ ن کے انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے چیئرمین کے عہدے کیلئے وزیراعظم نوازشریف کے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔اس موقع پر وفاقی وزراء خرم دستگیر خان،انوشہ رحمان،وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر آصف کرمانی،انجینئر امیر مقام،میئر اسلام آباد شیخ عنصر عزیز،مسلم لیگ ن کے ارکان پارلیمنٹ اور مسلم لیگ ن کے چاروں صوبوں ،آزادکشمیر،گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے صدور موجود تھے۔ وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی مرکزی کونسل کا اجلاس(آج) منگل کو گیارہ بجے کنونشن سنٹر میں ہوگا،مسلم لیگ ن کے مرکزی کونسل کے اجلاس میں دو سیشن ہوں گے،پہلے سیشن میں مسلم لیگ پارلیمانی جماعت کے اجلاس میں پیش ہونے والی قراردادوں کی مرکزی کونسل سے منظوری لی جائے گی اورپارٹی کے موجودہ آئین میں ترامیم کی جائیں گی جبکہ دوسرے سیشن میں مسلم لیگ ن کے انٹراپارٹی الیکشن ہوں گے،جماعت کے مرکزی مجلس عامہ نے فیصلہ کیا ہے کہ پارٹی کے مرکزی عہدوں کیلئے انتخابات ہوں گے۔