خانہ کعبہ کو آب زم زم اور عرق گلاب سے غسل دینے کی روح پرور تقریب
مکہ مکرمہ (امیر محمد خان) مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی نیابت کرتے ہوئے پیر کو کعبہ مشرفہ کو ہزاروں من عرق گلاب ، آب زم زم سے غسل دیا۔ امام کعبہ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس‘نائب صدر شیخ محمد بن ناصر الحزیم ‘ شاہی خاندان کے افراد‘ اعلی حکام ‘ علما‘ سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی سفارتی اور او آئی سی کے نمائندے اور معزز شخصیات نے تقریب میں شرکت کا شرف حاصل کیا ۔سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے۔ دوران غسل کعبہ کا ماربل سے بنا ہوا فرش اور نصف بلندی تک اندرونی دیواروں کو عرق گلاب ، عود اور دیگر خوشبووں میں بھگوئے سفید کپڑے سے صاف کیا گیا جبکہ فرش پر آب زم زم اور عرق گلاب بہا کر کھجور کے پتوں اور خالی ہتھیلیوں سے اسے صاف کیا گیا ۔شرکاء نے کعبہ کا طواف کیا اور مقام ابراہیم پر نوافل ادا کئے ، دعائیں کیں۔ دوسری جانب مسجد الحرام کی انتظامیہ نے تقریبا سوا مہینہ قبل تبدیل کئے جانے و الے نئے غلاف کعبہ کو مز ید خو بصورت بنانے کے لئے کشیدہ کاری کی ہوئی چار نئی پٹیوں کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ یہ 4 پٹیاں حجر اسود کے اردگردگولائی میں‘ کعبہ کے جنوب مغربی کونے رکن یمانی پر اوپر سے نیچے اور گولائی میں اس کے علاوہ میزاب رحمت (کعبہ کے پرنالے ) کے قریب لگائی ہے۔