• news

بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری، گوجرہ میں سوئی گیس کے پریشر میں کمی پر شہری سراپا احتجاج

ڈونگہ بونگہ+ گوجرہ+ وہاڑی (نامہ نگاران) بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے، شہروں میں 10 اور دیہات میں16 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور وولٹیج کی کمی کے باعث باربار ٹرپنگ جاری ہے جس سے عوام ذلیل وخوار ہو رہی ہے مریض، بچے، بوڑھے، خواتین کی مشکلات اور پریشانی میں دن بدن اضافہ ہونے لگا۔ ڈونگہ بونگہ سے نامہ نگار کے مطابق ڈونگہ بونگہ اور گردونواح کے علاقوں میں شدیدگرمی اور بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے کاروباری اور دیگر لوگوں کو پریشان کر دیا۔ کاروبارزندگی معطل ہے اور عوام پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔ گوجرہ سے نامہ نگار کے مطابق سوئی گیس کے پریشر میں کمی شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ محلہ شریف پورہ اور ملحقہ محلو ں میں گھریلو سوئی گیس کے پریشر میں کمی کے باعث گھروں کو چولہے جلنے بند ہو گئے شہری ہوٹلو ں سے کھانا کھانے اور گھریلو خواتین گھروں میں لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں۔ محلہ شریف پورہ کے مکین اپنے علاقہ کونسلر اعظم جارا کی قیادت میں احتجاج کرتے ہوئے سوئی گیس دفتر پہنچ گئے اور احتجاج شروع کردیا سوئی گیس کے افسران رانا منیر، اور معارف نے مظاہرین سے مذاکرات کئے اور فیصل دفتر میں انجینئر نعیم عاطف سے بات کرائی جنہوں نے سوئی گیس کے پریشر میں کمی ختم کرانے کی یقین دہا نی کرائی جس پر شہری پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق چودہ چودہ گھنٹے کی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کے کاروبار تباہ کردیئے، لوگ پریشان ہوکر حکمرانوں کوکوسنے لگے۔ چھانگا مانگا سے نامہ نگار کے مطابق چھانگا مانگا فیڈر پر 17 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے بجلی سے چلنے والے چھوٹے چھوٹے کاروبار بند ہوگئے۔ محنت کش اور دیہاڑی دار طبقہ بے روزگار ہوکر فاقوں پر مجبور ہوگیا۔

ای پیپر-دی نیشن