الیکشن کمشن نے خورشید شاہ کی ووٹر تصدیقی مہم کی تاریخ بڑھانے کی درخواست مسترد کردی
اسلام آباد (اے این این) الیکشن کمشن نے اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کی ووٹر تصدیقی مہم کی تاریخ بڑھانے کی درخواست مسترد کر دی ٗخورشید شاہ نے ووٹر تصدیقی مہم30 دن بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا، ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن نے خورشید شاہ کے خط کا باضابطہ جواب بھی بھجوا دیا ہے ۔ الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ سندھ ، بلوچستان اور خیبرپی کے میں ووٹوں کا اندراج دسمبر سے پہلے کسی بھی وقت کرایا جا سکتا ہے ، ووٹ کسی بھی وقت ٹرانسفر کرایا جا سکتا ہے ۔ الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ پنجاب میں مخصوص نشستوں پر بلدیاتی انتخابات کے باعث ووٹر کے اندراج اور منتقلی پر پابندی ہے ، مخصوص نشستوں پر انتخابات کے بعد پنجاب میں ووٹ کے اندراج اور ٹرانسفر پر پابندی ختم کر دی جائے گی ، خورشید شاہ نے ووٹر تصدیقی مہم تیس دن بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا۔