• news

سردار عتیق کی ملاقات، حکومت مسئلہ کشمیر کو ٹھنڈا نہ ہونے دے: حافظ سعید

لاہور( خصوصی نامہ نگار) سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر و مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان نے گزشتہ روز جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید سے ملاقات کی جس میں کشمیریوں کی تحریک آزادی، بھارتی مظالم اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔ مرکز القادسیہ چوبرجی میں ہونے والی ملاقات میں جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما یحییٰ مجاہد،حافظ خالد ولید بھی موجود تھے۔ اس موقع پر حافظ محمد سعید نے کہا کہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق متنازعہ مسئلہ ہے۔ آٹھ لاکھ بھارتی فوج کشمیر میں بدترین ظلم و ستم ڈھا رہی ہے۔ کشمیریوں کے گھروں میں گھس کر خواتین کی عصمتیں تار تار کی جارہی ہیں۔ سینکڑوں نوجوانوں کی آنکھیں ضائع ہو چکی ہیں۔ کشمیر کا مسئلہ عوامی سطح پر اٹھانے کی ضرورت ہے، حکومت اس مسئلہ کو ٹھنڈا نہ ہونے دے۔ انہوں نے کہا آج کشمیر میں آزادی کی جنگ لڑنے والوں کو دہشت گرد قرار دیا جارہا ہے۔ ہمیں اپنا موقف دنیا کو سمجھانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آسیہ اندرابی سمیت پوری حریت قیادت گرفتار ہے۔ خوفناک مقدمات بنائے جارہے ہیں۔ حکومت کو ان گرفتاریوں کی مذمت کرنی چاہیے۔ مسلم کانفرنس کے سربراہ، سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت سے کوئی محروم نہیں رکھ سکتا۔ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے، نہتے اور معصوم کشمیریوں کے ساتھ بھارتی فورسز خون کی ہولی کھیل رہی ہیں۔ سرینگر میں کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ دنیا میں سب سے زیادہ انتہا پسند بھارت میں پائے جاتے ہیں۔لوگ بابری مسجد،گولڈن ٹیمپل، سانحہ گجرات کو کیوں بھول گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کشمیر کے حوالہ سے جو وفد بیرون مماک بھیجے وہ شرمندگی کا باعث بنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت پوری دنیا میں سے صرف ایک شخص حافظ سعید سے ڈرتا ہے میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن