ق لیگ کے صوبائی عہدیداروں کا انتخاب کل، مرکزی کا 21 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہو گا
لاہور(خصوصی رپورٹر) ق لیگ نے بھی پارٹی کے صوبائی اور مرکزی عہدیداران کے انتخابات کروانے کا اعلان کر دیا۔ صوبائی عہدیداران کے انتخابات کل 19 اکتوبر کو مسلم لیگ ہاؤس ڈیوس روڈ، لاہور اور مرکزی عہدیداران کے انتخابات 21 اکتوبر کو اسلام آباد کے مسلم لیگ ہاؤس میں ہوں گے۔ مرکزی الیکشن کمشنر سینیٹر کامل علی آغا جبکہ صوبائی الیکشن کمشنر عالمگیر ایڈووکیٹ ہوں گے۔ اس بات کا اعلان گزشتہ روز چیف آرگنائزر بشارت راجہ نے مسلم لیگ ہاؤس ڈیوس روڈ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چودھری ظہیرالدین، میاں منیر، شیخ عمر حیات، ذوالفقار پپن، بلال شیرازی اور فیاض بھٹی موجود تھے۔ راجہ بشارت نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کا ن لیگ کے صوبائی انتخابات سے قبل ہی مرکزی صدر منتخب ہو جانا الیکشن کمشن کیلئے سوالیہ نشان اور آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ق لیگ پنجاب کے انتخابات 19اکتوبر کو مسلم لیگ ہائوس لاہور اور مرکز کے 21اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری طرزعمل کے فروغ کیلئے سیاسی جماعتیں پارٹی الیکشن کرواتی ہیں لیکن مسلم لیگ ن نے الیکٹورل باڈی کے چنائو سے قبل ہی مرکزی صدر کو کیسے منتخب کر لیا، اس کا جائزہ لینا الیکشن کمشن کا فرض ہے۔ ق لیگ پنجاب کے انتخابات کیلئے چیئرمین الیکشن کمشن عالمگیر ایڈووکیٹ کے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق پارٹی کی جنرل کونسل کا اجلاس 19اکتوبر کو مسلم لیگ ہائوس لاہور میں ہو گا، صبح 9 بجے تا 10 بجے کاغذات نامزدگی کی وصولی اور 10 تا 10:30 بجے اعتراضات کے بعد عہدیداروں کا انتخاب کیا جائے گا۔