پاکستان امن پسند ملک‘ بھارت ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے: رضا ربانی
مالے (نیوز ایجنسیاں) چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور خطے میں استحکام ، لوگوں کی بہتری اور غربت میں کمی کا خواہشمند ہے مگر افسوس کہ ہمسائیہ ملک بھارت پاکستان میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے۔ وہ گذشتہ روز یہاں صدارتی محل میں مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدا لقیوم سے ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے۔ میاں رضاربانی نے مالدیپ کے صدر کو بتایا کہ حال ہی میںبھارتی نیوی کے حاضر سروس کمانڈر کل بھوشن یادیو کو پاکستان میں گرفتار کیا گیا ہے جو کہ پاکستان میں اپنے نیٹ ورک کے ذریعے دہشت گردی میں ملوث تھا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ واقعہ کے ساتھ بھارت کی جانب سے کیے جانے والے دیگر اقدامات اس کے خطے میں اس کے توسیع پسندانہ عزائم کو ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے ان اشتعال انگیز اقدامات کے باوجود پاکستان خطے میں دیر پا امن کا خواہشمند ہے اور چاہتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کیا جائے ۔انہوں نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے حوالے سے آگاہ کیا اور مالدیپ کے صدر کی مقبوضہ وادی میں بھارت کے مظالم اور معصوم بچوں کی بینائی ضائع ہونے کے واقعات کی جانب توجہ مبذول کروائی۔ انہوں نے کہا کہ دولت مشترکہ ایک اہم تنظیم ہے اور مثبت روابط برقرار رہنے چاہیں ۔چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور مالدیپ کے مابین دوطرفہ تعلقا ت کو مزید فروغ دینے اور بھارتی رویے کے پیش نظر سارک کے کردار کے از سر نو تعین کی ضرورت پر زور دیا۔