گوجرانوالہ: اینٹی کرپش نے 80 کروڑ روپے کے ٹھیکوں میں ملی بھگت سے ہونیوالی بولی رکوا دی‘ ایس ای ہائی وے ایکسین طلب
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) اینٹی کرپشن کی سپیشل ٹیم نے چھاپہ مار کر محکمہ ہائی وے کے 80کروڑ مالیت کے ٹھیکوں میں ملی بھگت سے ہونے والی بولی رکوا دی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے دیہی روڈز پروگرام کے تحت گوجرانوالہ میں 80کروڑ روپے مالیت سے سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دی جس کیلئے محکمہ پراونشل ہائی وے نے گزشتہ روز آرٹس کونسل ہال میں ٹینڈرز طلب کئے تھے، متعدد ٹھیکیدار اس موقع پر موجود تھے تاہم مبینہ طور پر ٹھیکیداروں نے پول کرلیا اور آپس میں منصوبوں کی بندربانٹ کرلی، جن ٹھیکیداروں کو منصوبے سے محروم رکھا گیا انہیں 2 فیصد کمیشن کا لالچ دیا گیا۔ شہریوں نے اس بندر بانٹ کے بارے میں ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو درخواست دیدی۔ اینٹی کرپشن حکام نے ایس ای ہائی وے اور ایکسین کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا ہے۔