کسی حکومت میں عمران خان کو گرفتار کرنے کی ہمت نہیں: اسد عمر
اسلام آباد(این این آئی) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ کسی حکومت میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ عمران خان کو گرفتار کرے۔ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ دھرنے کی حتمی تاریخ کا اعلان آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ہوجائے گا اور اس مرتبہ اسلام آباد میں جو لوگ نکلیں گے وہ شاید اس سے پہلے تاریخ میں نہ نکلے ہوں۔انہوںنے کہاکہ ہم اسلام آباد وزیراعظم نواز شریف کے استعفے کا مطالبہ نہیں بلکہ ان اداروں کی بحالی کا مطالبہ کرنے آرہے ہیں جو حکومت کے کنٹرول میں ہیں اور پاناما لیکس جیسے مسئلے کی آزادانہ تحقیقات نہیں کرسکتے۔پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سلام شہداء ریلی سے خطاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ بلاول اب سرگرم ہورہے ہیں اور شاید وہ اب عوام میں جائیں گے تو ان کی الجھن ختم ہوجائیگی۔انہوںنے کہاکہ یہ بات پورے پاکستان کو معلوم ہے کہ شیر کا شکار صرف عمران خان ہی کرسکتا ہے کیونکہ جو اصل اپوزیشن ہے وہ تحریک انصاف ہی ہے۔