• news

سانحہ صفورہ گوٹھ کیس : ملزم نعیم کی عدم رہائی پر رینجرز سے تحریری جواب طلب

کراچی (این این آئی) سندھ ہائی کورٹ نے سانحہ صفورہ گوٹھ کیس میں بری ہونے والے ملزم نعیم ساجد کی عدم رہائی سے متعلق کیس کی سماعت پر رینجرزحکام سے 27اکتوبر تک تحریری جواب طلب کرلیا۔ پیرکوسندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عقیل احمد عباسی پر مشتمل دورکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔عدالت میں وکیل صفائی خواجہ شمس الاسلام نے دوران سماعت بتایا کہ نعیم ساجد کو ملٹری کورٹ سے عدم ثبوت کی بنا پر رہا کرنے کا حکم دیا گیا تھا لیکن ابھی تک رہا نہیں کیا گیا۔ عدالت میں جیل سپرینٹنڈنٹ کی جانب سے بھی تحریری جواب داخل کروایا گیا کہ 14 مئی2014 کو ملٹری کورٹ سے رہائی کے آڈر موصول ہو گئے تھے، لیکن جسمانی طور پر حوالے نہیں کیا گیا۔عدالت میں وکیل صفائی نے کہاکہ ملٹری کورٹ کے ایڈووکیٹ جنرل برانچ میں ہائی کورٹ کے بیلف کو رینجرز نے داخل نہیں ہونے دیا۔عدالت کوبتایا گیا کہ بیٹے کی مسلسل حراست کے صدمے کے باعث والدہ کی حالت خراب ہو رہی ہے ۔عدالت نے وکیل صفائی کا موقف سنتے ہوئے رینجرز حکام سے 27 اکتوبر تک تحریری جواب طلب کرلیاہے۔

ای پیپر-دی نیشن