لاہور کی ٹیموں نے قائداعظم ٹرافی میں اچھا پرفارم کیا : خواجہ ندیم
لاہور(نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ ندیم احمد کا کہنا ہے کہ قائداعظم ٹرافی میں ابتک لاہور کی ٹیموں کے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ کارکردگی حوصلہ افزا ہے دونوں ٹیموں میں شامل نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے مطابق عمدہ کھیل کا مظاہرہ کر رہے ہیں حتی کہ ڈیپارٹمنٹ کی ٹیموں کے خلاف کھیلتے ہوئے بھی لاہور ریجن کی ٹیموں نے متاثر کن کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ خواجہ ندیم احمد کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیموں نے قائداعظم ٹرافی کے لیے اچھے انداز میں تیاریاں کی ہیں شیڈول کے مناسب وقت میں اعلان سے کرکٹرز کو ذہنی طور پر بھی اپنے آپکو تیار کرنیکا بھی وقت ملا ہے۔ گذشتہ سیزن میں بھی لاہور ریجن نے قائداعظم ٹرافی میں مثبت نتائج دیے تھے اس مرتبہ بھی سیزن کے اختتام پر اچھے نتائج کی توقع ہے۔ ہم نے سلیکشن کے معاملے میں کسی قسم کا دباو نہیں لیا میرٹ پر سلیکشن کی ہے، حقدار اور پرفارمنس دکھانے والوں کی سلیکشن کو یقینی بنایا تھا۔ ریجن کی سلیکشن میں ہر سطح پر میرٹ کو ترجیح دی جا رہی ہے ہم اپنے وسائل میں رہتے ہوئے کھیل کے فروغ اور معیاری کرکٹ کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔