کسی بھی قوم کی ترقی میں تعلیم کلیدی کردار ادا کرتی ہے: ڈاکٹر رفیق احمد
لاہور (خصوصی رپورٹر) کسی بھی قوم کی ترقی میں تعلیم کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ بدقسمتی سے ہم شعبۂ تعلیم کی طرف بھرپور توجہ نہیں دے پائے۔ ضروری ہے کہ ملک بھر میں بنیادی تعلیم یکساںہو کیونکہ پرائمری اور مڈل کی سطح کی تعلیم کی بہت اہمیت ہوتی ہے۔ تعلیمی شعبے کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین اور جامعہ پنجاب کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں اساتذہ کے لئے منعقدہ 132ویں ایک روزہ نظریاتی تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ ہمیں سکولوں اور لائبریریوں کی حالت بہتر بنانا ہوگی۔ قومی تعلیمی پالیسی میں ہمیں دیگر چیزوں کے ساتھ ساتھ کردار سازی پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ اگر ہم ہر سطح پر تعلیمی نظام درست کرلیں تو بہت سے مسائل خودبخود حل ہوتے جائیں گے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہمارے ہاں 70سالوں میں ہر چیز منفی نہیں ہوئی‘ بہت زیادہ مثبت کام بھی ہوئے ہیں۔ ہمیں دو قومی نظریے کی اصل روح کو سمجھنے کی کوشش کرنی چاہئے۔