دہشت گردی کیخلاف قربانیاں قابل قدر‘ دونوں ملکوں کا مفاد مشترکہ ہے : برطانیہ نے بھی بھارتی انتہا پسندوں کی پاکستان مخالف پٹیشن مسترد کر دی
مانچسٹر (نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) پاکستان کے خلاف عالمی مہم میں بھارت کو ایک اور بڑا دھچکا لگا ہے، امریکہ کے بعد برطانیہ نے بھی بھارتی انتہا پسندوں کی پاکستان مخالف پٹیشن مسترد کر دی ہے، برطانیہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بیش بہا قربانیوں کا اعتراف کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مشترکہ مفاد ہے، دونوں ملک انتہا پسندی سے مقابلے کےلئے پُرعزم ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی انتہا پسندوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف عالمی مہم کی ایک اور کوشش ناکام ہوگئی۔ برطانوی وزارت خارجہ اور کامن ویلتھ افیئرز نے درخواست کو اس نوٹ کے ساتھ مسترد کردیا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی روکنے کے لئے قابل قدر کوششیں کی ہیں۔ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قابل قدر قربانیاں اور خدمات ہیں۔ برطانیہ اس کا اعتراف کرتا ہے۔ برطانوی حکومت کا کہنا تھا برطانیہ اور پاکستان کا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مشترکہ مفاد ہے۔ برطانیہ اور پاکستان دہشت گردی کے خطرے اور انتہا پسندی سے مقابلے کے لیے پُرعزم ہیں۔ بھارتی انتہاپسندوں نے امریکہ کی طرح برطانیہ میں بھی پاکستان مخالف نفرت آمیز جذبات بھڑکانے کے لیے مہم شروع کر رکھی ہے جس میں پاکستان کے خلاف برطانوی پارلیمنٹ میں بحث کرانا مقصود ہے لیکن جس طرح امریکہ میں آن لائن پٹیشن کو مسترد کیا گیا اسی طرح برطانیہ میں بھی بھارتی نژاد برطانوی شہریوں کے علاوہ کسی قابل ذکر شخص کے دستخط نہیں ہو سکے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل امریکہ میں بھی بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف آن لائن پٹیشن دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کو دہشت گردوں کی سرپرستی کرنے والی ریاست قرار دیا جائے جسے امریکہ نے مسترد کردیا تھا۔
برطانیہ / پٹیشن