سامعہ قتل کا ٹرائل جہلم سے لاہور منتقل کرنے کی درخواست سماعت کیلئے منظور، ملزموں سے جواب طلب
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے برطانوی نژاد سامعہ شاہد کے قتل کا ٹرائل جہلم سے لاہور منتقل کرنے کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے مقتولہ کے پہلے شوہر محمد شکیل سمیت دیگر ملزموں سے جواب طلب کر لیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے مقتولہ کے دوسرے شوہر مختار کاظم کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار اور مقدمہ کے مدعی کی طرف سے ملک اویس خالد ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ سامعہ شاہد کے قتل کا مقدمہ مقتولہ کے پہلے شوہر محمد شکیل ، محمد حسین، محمد شاہد، مدیحہ شاہد اور امتیاز بی بی کیخلاف جہلم میں درج ہے جس میں متعلقہ ٹرائل کورٹ ٹرائل بھی کر رہی ہے، دوران ٹرائل مقتولہ کے دوسرے شوہر مختار کاظم کو قتل کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں ۔ ابتدائی دلائل سننے کے بعد عدالت نے درخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے ملزموں کو 4 نومبر کو جواب جمع کرانے کیلئے نوٹسز جاری کردیئے۔اپنے نامہ نگار کے مطابق سامعہ شاہد کے قتل کیس کی سماعت سیشن کورٹ جہلم سے لاہور کی سیشن عدالت میں منتقل کئے جانے کا امکان ہے۔ مقتولہ کے دوسرے شوہر مختار کاظم کی درخواست پر کیس کی سماعت لاہور میں منتقل کی جائے گی۔