• news

ترقی روکنے‘ اسلام آباد بند کرنیوالوں کی ناپاک سازشیں ناکام ہونگی: شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر+خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان نے ملاقات کی اور انہیں مسلم لیگ (ن) پنجاب کا بلامقابلہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ شہبازشریف نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بسنے والے عوام ہمارے بہن بھائی ہیں۔ پنجاب حکومت گلگت بلتستان کے عوام کو تعلیم اورصحت کے ساتھ دیگر شعبوں میں تعاون جاری رکھے گی۔ گلگت بلتستان حکومت کو پنجاب حکومت سی ٹی سکین مشین بھی فراہم کرے گی اور پنجاب حکومت کے ان اقدامات سے بھائی چارے، یکجہتی اور یگانگت کو فروغ ملا ہے۔ خدمت کی سیاست ہی مسلم لیگ(ن) کا اوڑھنا بچھونا ہے۔ پاکستان کے مفادات کا تحفظ سب سے زیادہ مقدم ہے۔ ذاتی مفادات کی خاطر عوام کو گمراہ کرنے والے بعض سیاسی عناصر پہلے بھی ناکام رہے اورآئندہ بھی ناکام ہوں گے۔ عام انتخابات کے بعد بلدیاتی الیکشن گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور ضمنی انتخابات میں بھی ان عناصر کو شکست ہوئی ہے۔ دھرنا سیاست نے 2014ء میں پاکستانی معیشت کا دھڑن تختہ کیا۔ اسلام آباد بند کرنے کی باتیں ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا سفر روکنے کی سازش ہے۔ ترقی کے عمل کو روکنے اور اسلام آباد کو بند کرنے والوں کی ناپاک سازشیں ناکام ہوں گی۔ شہباز شریف نے مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنماء سردار مہتاب خان عباسی سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور ملک کی ترقی اورخوشحالی کیلئے سب نے مل کرکام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں‘‘ کی روش نے ملک کا بے پناہ نقصان کیا ہے۔ ملک کو آگے لے جانے کیلئے ’’ہم ‘‘ کے راستے پر چلنا ہوگا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میںہونہار طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ کی فراہمی کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرکے با اختیار بنانا پنجاب حکومت کا مشن ہے۔ وزیراعلیٰ نے اگلے مرحلے میں لیپ ٹاپ کی خریداری اور تقسیم کے عمل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے لیپ ٹاپ کی تقسیم کے پروگرام میں تاخیر کسی صورت قابل برداشت نہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے چائنہ فرسٹ میٹالرجیکل گروپ کے وائس چیئرمین گاؤجزہاؤکی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ چینی گروپ نے پنجاب کے واٹر سیکٹر میں سرمایہ کاری پر دلچسپی کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں چوہنگ کے عقب میں دریائے راوی کی گزرگاہ (ریوربیڈ) تک واقع3 ہزار ایکڑ رقبے پر مشتمل محکمہ جنگلات پنجاب کے وسیع رقبے میں سے درختوں والے 122ایکٹر پر مشتمل جنگل میں موجود ہزاروںدرختوں کی غیر قانونی کٹائی اور علاقے سے ریت اور مٹی کھود کر اسے دلدل کی شکل دینے کی اطلاع کا نوٹس لیتے ہوئے شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پرتشکیل دی گئی کمیٹی نے معاملے کی چھان بین کے بعد محکمہ معدنیات پنجاب کے متعلقہ ٹھیکیدار اور اس کے حواریوں کے خلاف کریک ڈائون کا حکم دیا ہے۔ 5 ملزم گرفتار کر لئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن