لندن: میٹرو ٹرین میں برطانوی نسل پرست نے پاکستانی نژاد مسلمان کو تھپڑ ماردیا
لندن (آن لائن) مغربی ملکوں بالخصوص برطانیہ میں اسلام فوبیا کے مکروہ مظاہر کے سامنے آنے کے ساتھ ساتھ نسل پرستانہ رحجانات کے واقعات میں بھی تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ نسلی تعصب اور فرقہ وارانہ بغض کی تازہ مثال ہمیں برطانیہ کی ایک میٹرو ٹرین میں دیکھنے کو ملتی ہے جہاں ایک نامعلوم شخص نے ٹرین میں سوار ایک پاکستانی نژاد شہری کو بغیر کسی وجہ کے زور دار طمانچے مارنے کے ساتھ ساتھ برا بھلا کہا۔ اس واقعے پر برطانیہ میں مسلمان کمیونٹی کی طرف سے سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق میٹرو ٹرین میں ایک پاکستانی نژاد مسلمان کو نفرت کا نشانہ بنائے جانے کا واقعہ ایک مختصر ویڈیو فوٹیج میں سامنے آیا ہے۔ 10 عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایک شخص ٹرین کی بوگی کے خارجی دروازے کے قریب کھڑا تھا جسے سٹیشن پر اترنا تھا۔ ٹرین کی بریک لگتے ہی اس نے دروازے کے برابر والی سیٹ پر بیٹھے ایک پاکستانی نژاد شہری کو زور دار طانچہ رسید کیا۔ طمانچہ کھانے والا شہری تو ایک دم ساکت رہ گیا اس کے برابر والی سیٹ پر ایک خاتون مسافر بھی بیٹھی تھی۔ اس نے تھپڑ مارنے والے نسل پرست کا پیچھا کیا۔ وہ اونچی آواز میں مسلسل پکار رہی تھی۔ برطانوی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ برطانوی مسلمانوں کی نمائندہ کونسل کے سیکرٹری جنرل نے ایک مسلمان شہری پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے پر سخت احتجاج کیا ہے۔ انہوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملزم کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے موثر اقدامات کرے اور نسل پرست مجرم کوعبرت کا نشان بنائے۔