کبوتروں کے بعدبھارت کا بین الاقوامی سرحد کے قریب تربیت یافتہ پاکستانی باز پکڑنے کا دعویٰ
نئی دہلی/ بیکانیر (آئی این پی) پاکستان کا خوف بھارت کے اعصاب پر سوار ہو گیا ، سرجیکل سٹرائیکس کی بڑھکیں مارنے والے بزدل بھارت نے اونٹ ،کبوتروں اور غباروں کے بعد اب فالکن(بازوں) سے بھی ڈرنا شروع کردیا،بی ایس ایف حکام نے راجستھان میں بین الاقومی سرحد کے قریب سے تربیت یافتہ پاکستانی باز کو پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے ۔جمعرات کو بھارتی میڈیا کے مطابق بی ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ راجستھان کے ضلع سری گنگانگر کے قصبے انوپ گڑھ میں بین الاقومی سرحد کے قریب سے پاکستان کے ایک تربیت یافتہ باز کو حراست میں لیا گیا ہے ۔بی ایس ایف حکام کا دعویٰ تھا کہ باز میں نصب کیا گیا ایک ٹرانسمیٹر انٹینا بھی برآمد کیا گیا ہے۔ بھارتی سکیورٹی فورسز کاکہنا تھا کہ تربیت یافتہ باز سعودی شیخوں کا ہوسکتا ہے جو پاکستان میں تلور کے شکار کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ باز کو محکمہ جنگلات کے حوالے کردیا گیا ہے۔