کارکن 2018کے عام انتخابات کی بھرپور تیاری کریں: بلاول، دبئی چلے گئے
کراچی (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تمام پارٹی کارکنوں پر زور دیا ہے کہ وہ 2018کے عام انتخابات کی بھرپور تیاریاں شروع کریں کیونکہ پارٹی قیادت سندھ سمیت تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر میں متحرک اور پرجوش نئی تنظیموں کا اعلان کرنے جا رہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بلاول ہاؤس میں پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کی صدارت کے حتمی تین امیدواروں قائم شاہ، نثار کھوڑو اور مولابخش چانڈیو سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایم این اے فریال تالپور بھی موجود تھیں، بلاول بھٹو زرداری نے تینوں امیدواروں سے انفرادی انٹرویو لئے، اس موقع پر قائم شاہ، نثار احمد کھوڑو اور مولابخش چانڈیو نے پارٹی چیئرمین کو پارٹی اور کارکنان کی توقعات پر پورا اترنے اور کسی بھی چیلینج سے نمٹنے کے لیے اپنے اپنے خیالات اور تجاویز پیش کیں،بلاول بھٹو زرداری نے تینوں امیدواروں کی پارٹی کے لیے محنت اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت ہمیشہ سے کارکنوں اور جیالوں کی رائے کا احترام کرتی ہے اور تمام نئی تنظیمیں اس کی عکاس ہوںگی۔ دریں اثنا بلاول بھٹو زرداری دبئی چلیگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق بلاول پیر کو وطن واپس آئیں گے۔