مہذب ممالک مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کریں: وزیراعظم آزاد کشمیر
مظفر آباد (این این آئی)وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ ماضی میں سیاسی بنیادوں پر کی جانے والی بھرتیوں نے عوامی مفادات کو زک پہنچائی۔ریاست میں انتظامی اصلاحات لائیں گے۔آزاد کشمیر کے خزانے کے امین کسی کو لوٹ مار کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔ عوام کی براہ راست نظام حکومت میں شمولیت کے لیئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ آزاد کشمیر کے عوام کے رشتوں کو پاکستان سے مزید مضبوط بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر نے نیشنل مینجمنٹ کالج لاہور کے زیر اہتمام 20ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ایسا نظام لائیں گے کہ دیانتدار آفیسران کو تحفظ دیا جاسکے۔ احتساب بیورو ،پبلک سروس کمیشن ایسے مثالی ادارے بنائیں گے کہ کوئی ان کی شفافیت پر انگلی نہ اٹھاسکے۔ کشمیری عوام نے بھارت سے آزادی حاصل کرنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے اورگزشتہ سو دنوں میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ خواتین کی عصمت دری ،مسلسل کرفیو کا نفاذ،نوجوانوں کی بلاجواز گرفتاریاں اور ماورائے عدالت ان کا قتل،پیلٹ گن کا استعمال عالمی برادری کے لیئے لمحہ فکریہ ہیں ۔ اب یہ ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہ ہونے دیں۔ مہذب ممالک کشمیر کے اس پار گولیوں کی تڑتڑاہٹ میں زندگی بسر کرنے والوں کے حال پر رحم کھاتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیئے اپنا کردار ادا کریں۔وزیراعظم نے جب مقبوضہ کشمیر کے حالات کی منظر کشی کی تو شرکاء آبدیدہ ہو گے۔دریں اثناء وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کو فعال بنا کر براہ راست عوام کی نمائندگی یقینی بنائی جائے گی۔ دریں اثناء وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان کی زیر صدارت 24اکتوبر کو یوم تاسیس اور 27اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کے انتظامات کے حوالہ سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کوکشمیر ایشو سے روشناس کرنے کے لیے یونیورسٹیوں اور کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں خصوصی پروگرام منعقد کروائے جائیں اور نصاب میں کشمیر ایشو کو بطور خاص شامل کیا جائے تاکہ نئی نسل کو اپنی تاریخ سے آگاہی حاصل ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال یوم تاسیس کو شایان شان طریقے سے منا ئیں گے اور اس موقع پر کشمیر میںبھارتی افواج کی جانب سے جاری ظلم وبربریت کو بھرپور اندازمیں اجاگر کیاجائیگا۔