حملہ کیس : عمران‘ طاہر القادری کے وارنٹ برقرار‘ 17 نومبر کو گرفتار کر کے پیش کیا جائے: عدالت
اسلام آباد (ایجنسیاں) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ سمیت 3 مقدمات میں پیش نہ ہونے پر کیس میں عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری سمیت 70 ملزموں کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے انہیں 17 نومبر تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے، عدالت نے پولیس کی طرف سے تعمیلی رپورٹ جمع نہ کرائے جانے پراظہار برہمی کیا۔ عدالت نے چھ حاضر ملزموں کو حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے کیس کی سماعت 17 نومبر تک ملتوی کردی ۔ عمران خان کے وکیل فیصل حسین چودھری نے بی بی سی کو بتایا کہ عدالت میں پی ٹی وی‘ پارلیمان پر حملے اور دھرنے کے دوران جھگڑے سے متعلق تین کیسوں کی سماعت ہوئی۔ انہوں نے بتایا ہے کہ عدالت میں ان مقدموں کی ایف آئی آر خارج کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ چونکہ سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے کیس ہیں اور اس میں کوئی شواہد بھی موجود نہیں ہیں اور اس وجہ سے بغیر سماعت کے ان کیسوں کو خارج کر دینا چاہئے۔