• news

د ھرنا ختم کرنے کیلئے حکومت اور تحریک انصاف کے بیک ڈور رابطے ہیں: رحمن ملک‘جھوٹ ہے: شاہ محمود

اسلام آباد (آن لائن) سینیٹر رحمن ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ 2 نومبر کے دھرنے کو ختم کرنے کے لئے حکومت اور تحریک انصاف میں بیک ڈور رابطے جاری ہیں اور قوی امکان ہے کہ دھرنے کی نوبت نہیں آئے گی اور معاملات طے پا جائیں گے۔ جمعہ کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رحمن ملک نے کہا کہ حکومت اور تحریک انصاف میں 2 نومبر کے حوالے سے مک مکا ہو رہا ہے۔ عمران خان نے پہلے بھی دھرنے سے کچھ حاصل نہیں کیا اور اب بھی کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف والوں کو سیاست کا کچھ پتہ نہیں۔ اگر انہوں نے سیاست کرنی ہے تو پیپلز پارٹی سے سیکھیں کیونکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پارلیمنٹ کی سیاست کی ہے۔ ادھر سینٹ کمیٹی داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک میں دوائی کے نام پر زہر بک رہا ہے‘ ڈرگ پالیسی ہے نہ ریگولیٹری اتھارٹی اور نہ ہی کوئی روکنے والا ہے۔ سینٹ قائمہ کمیٹی اجلاس میں چیئرمین کمیٹی رحمن ملک نے ملک میں ادویات کی فراہمی اور قیمتوں میں صورتحال کے حوالے سے کہاکہ انتقال خون پر کوئی چیک نہیں‘ اب وقت ہے کہ ہیلتھ پالیسی بنائی جائے۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ امور کے چیئرمین سینیٹر رحمن ملک نے سیکرٹری داخلہ کے آئندہ اجلاس میں موجود نہ ہونے پر ان کے وارنٹ جاری کرنے کا انتباہ کر دیا ہے۔ سیکرٹری کے نہ آنے پر ضابطہ فوجداری قوانین میں اہم ترامیم پر بحث نہ ہو سکی۔ ایڈیشنل سیکرٹری ترمیم سے لاعلم تھے جس کی تحقیقات کی ہدایات کر دی گئی ہے۔دریں اثناء تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے رحمان ملک کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے پی ٹی آئی کسی بیک ڈور چینل پر یقین نہیں رکھتی، رحمان ملک کا بیان جھوٹ اور ان کی ذہنی اختراع ہے، رحمان ملک سیاست کا مطالعہ زرداری صاحب کی عینک سے کرتے ہیں، عمران خان، زرداری صاحب کی طرح سیاست نہیں احتساب چاہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن