• news

ترقیاتی سکیموں کا خود معائنہ کرونگا غلطی پائی گئی تو دو گھنٹے کے نوٹس پر سخت کارروائی کی جائیگی: مراد علی شاہ

کراچی (وقائع نگار+ اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سرکاری پیسہ عوام کی بہتری کے لئے ترقیاتی سکیموں پر خرچ کر رہی ہے، ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم یہ پیسہ ایمانداری کے ساتھ خرچ کریں اور ایمانداری کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے یہ بات ہفتہ کو وزیراعلیٰ ہاﺅس میں صو بائی اور ضلعی اے ڈی پی کے تحت ترقیاتی سکیموں سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر زیر تعمیر سکیموں کا معائنہ کرونگا اور دو گھنٹے کے نوٹس پر سخت کاروائی کی جائیگی اگر کہیں کوئی غلطی پائی گئی۔ انہوں نے محکمہ ورکس اینڈ سروسز اور محکمہ آبپاشی کے سیکریٹر ز کو واضح ہدایت کی کہ وہ اپنے انجینئرز کو بتا دیں کہ وہ کام کے معیار کو یقینی بنائیں اور اپنے علاقوں کو متعلقہ کمشنرز کو مطلع کئے بغیر اور اپنے متعلقہ سیکریٹریز کی اجازت کے بغیر علاقے نہ چھوڑیں۔ سید مراد علی شاہ نے محکمہ پی اینڈ ڈی کے XEN کے محکمہ خزانہ میں جانے پر بھی پابندی عائد کر دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے کام پر توجہ دیں، یہ انکی ذمہ داری نہیں کہ وہ اپنی سکیموں کی نظر ثانی کریں یا انکے لئے فنڈز ریلیز کرائیں۔ چیف سیکرٹری سندھ محمد صدیق میمن کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ آبپاشی اور ورکس اینڈ سروسز میں ایک انجینئر کو زیادہ چارج دینا بھی بند کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پالیسی فیصلہ لیتے ہوئے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ تصدیق شدہ کاپی پیش کرنے کی شرط واپس لے لیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ہر ایک سکیم کاآغاز سے لیکر اختتام تک نگرانی کریں۔ ادھر ود ہولڈنگ ٹیکس کی براہ راست کٹوتی پر وفاق اور سندھ پھر آمنے سامنے آگئے ہیں۔اس ضمن میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اسحاق ڈار کو احتجاجی خط لکھ دیاہے۔ خط میں مطالبہ کیا گیا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کے نام پر ایف بی آر نے براہ راست جو رقم کاٹی ہے وہ واپس کی جائے۔
مراد علی شاہ

ای پیپر-دی نیشن