نصرت بھٹو کی برسی آج منائی جائیگی بہادری سے بحرانوں کا مقابلہ کیا: زرداری
لاہور (خبرنگار) پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق چیئرپرسن نصرت بھٹو کی پانچویں برسی آج منائی جائیگی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام مرحومہ کی روح کو ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی نے مختلف سیمینارز کا بھی اہتمام کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی بیوہ اور بے نظیر بھٹو کی والدہ نصرت بھٹو 1929ءکو اصفہان (ایران) میں پیدا ہوئیں اور طویل علالت کے بعد 23 اکتوبر 2011ءکو دبئی میں انکا انتقال ہوا۔ وہ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے بعد پارٹی کی چیئرپرسن بنیں۔ نصرت بھٹو کی پانچویں برسی پر لاہور پیپلز پارٹی کے رہنما ٹکٹ ہولڈر بیرسٹر عامر حسن کی رہائشگاہ جناح پارک سمن آباد میں قرآن خوانی اور دعائیہ تقریب کا اہتمام 3 بجے سہ پہر کو کیا گیا ہے۔ اس تقریب میں پارٹی کے سیکرٹری جنرل سردار لطیف خان کھوسہ، چودھری منظور، ثمینہ خالد گھرکی اور دیگر شرکت کریں گے۔ آصف علی زرداری نے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی پانچویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مادر جمہوریت ایک قدآور شخصیت تھیں، ایک ایسی خاتون تھیں جنہوں نے نہایت بہادری سے بحرانوں کا مقابلہ کیا اور سانحات سے گزریں لیکن جمہوری جدوجہد کرتے ہوئے مستقبل کی نسلوں کے لئے راستے روشن کر گئیں۔ ان کی ہمت، بہادری، برداشت اور صبر کی مثال ملک میں جمہوریت پسندلوگوں کے لئے روشنی کا مینارا رہے گی۔