میاں چنوں: اوباش کی تیسری جماعت کی بچی سے زیادتی، حالت نازک، ملزم گرفتار،جوئیانوالہ قصور فیصل آباد میں بھی دو خواتین ، دو لڑکے زیادتی کا شکار
میاں چنوں+جوئیانوالہ+ قصور+ فیصل آباد (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) 23 سالہ درندہ صفت ملزم نے 7 سالہ تیسری کلاس کی طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ حالت نازک ہونے پر بچی کو ہسپتال منتقل کردیا۔ میاں چنوں کے نواحی گائوں 124/ پندرہ ایل کے ملزم وقاص نے سکول جاتے ہوئے تیسری کلاس کی طالبہ 7 سالہ (س)کو موٹر سائیکل پر بٹھایا اور اپنے بھائی کے گھر محلہ رحمانیہ میں لے گیا جہاں اس نے معصوم بچی کو درندگی کا نشانہ بنایا۔ حالت نازک ہونے پر بچی کو پرائیویٹ ہسپتال میں لے جاکر گھر والوں کی اطلا ع دی کہ بچی کا ایکسڈنٹ ہوگیا ہے اور وہ ہسپتال میں ہے جہاں بچی نے اپنی والدہ کو ساری بات بتائی۔ بعدازاں بچی کو تشویشناک حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال میاں چنوں شفٹ کیا گیا۔دوسری طرف بچی کی والدہ کی مدعیت میں ملزم وقاص کیخلاف مقدمہ درج کرکے پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا جس نے بچی سے زیادتی کا اعتراف کرلیا اور میڈیکل رپورٹ میں بھی بچی سے زیادتی ثابت ہوگئی۔ علاوہ ازیں جوئیانوالہ لاہور روڈ پر سلیم کوٹ کے قریب ٹریکٹر مکینک عثمان علی نے 12 سالہ شاگرد اسد کو نشہ میں دھت ہو کر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ قصور کے علاقے جگیاں کلاں کے رمضان کی بیوی (ث) کو ملزم رحمت نے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ تھانہ گنڈا سنگھ والا پولیس نے ملزم رحمت کو گرفتار کرلیا۔ علاوہ ازیں فیصل آباد میں (ص) کو ملزم کامران ،تاندلیانوالہ میں ظہیر کو ملزم وسیم نے اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔