• news

ہلیری کے انتخابی مہم آفس میں سفید پائوڈر سے بھرا لفافہ موصول: پولیس

پانامہ سٹی/ واشنگٹن (اے ایف پی+ نمائندہ خصوصی) ڈیموکریٹ پارٹی کی امریکی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کی انتخابی مہم کے نیویارک کے ایک دفتر میں سفید پاؤڈر سے بھرا مشتبہ لفافہ بھیج دیا گیا۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں کسی خطرے کا امکان مسترد کردیا۔ پولیس کے مطابق وائٹ پاؤڈر سے بھرا لفافہ مین ہیٹن کے دفتر بھجوایا گیا تھا۔ انتخابی مہم کے ورکرز نے اسے بروکلین ہیڈ کوارٹرز منتقل کردیا ہے۔ محکمہ صحت اس مادے کا تجزیہ کر رہا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خطرناک مواد پر ہونے کی بنا پر یہ ایک منفی چیز ہے۔ لفافے میں کچھ لکھا بھی گیا تھا مگر یہ موت کی دھمکی نہیں تھی۔ پولیس نے کہا یہ مواد زہریلا یا مہلک نہیں تھا۔ دریں اثناء ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کی انتخابی مہم ایڈ میں خضر خان ایک مرتبہ پھر سامنے آگئے ہیں۔ 4 ماہ قبل پاکستانی نژاد امریکی وکیل خضر خان نے ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن میں شرکت کر کے اپنے فوجی بیٹے ہمایوں خان کی عراق میں قربانی کے حوالے سے بتایا تھا۔ خضر خان پر تنقید کرنے پر ریپبلکن صدارتی امیدوار ٹرمپ کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ جمعہ کے روز ہلیری کی مہم کے جاری ہونے والے نئے کمرشل میں خضر خان اپنے بیٹے کا یونیفارم پکڑے کہ رہے ہیں ’’میرا بیٹا بمبار کو روکنے کیلئے آگے بڑھا اور اس نے اپنے یونٹ کے تمام افراد کو بچا لیا۔ وہ 27 سال کا تھا اور ایک امریکی مسلمان تھا‘‘۔ خضر خان آنکھوں سے چھلکتے آنسوئوں کے ساتھ کہتے ہیں ’’میں ٹرمپ سے پوچھنا چاہوں گا کیا میرے بیٹے کی امریکہ میں کوئی جگہ ہے؟‘‘ واضح رہے خضر خان کے بیٹے نے عراق میں 2004ء میں خودکش بمبار کو روک کر اور اپنی جان دیکر اپنے سارے یونٹ کو بچا لیا تھا۔ دوسری جانب امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا کے شہر پانامہ میں انتخابی مہم سے خطاب کرتے کہا کہ الزام لگانے والی تمام خواتین نے جھوٹ بولا، ہلیری کلنٹن میرے خلاف نہیں تبدیلی اور عوام کیخلاف لڑ رہی ہیں، 18 لاکھ مردہ لوگوں کے ووٹ رجسٹر کئے گئے، ان 18 لاکھ ووٹرز میں سے کچھ ووٹ بھی ڈال رہے ہیں۔ دریں اثنا ٹرمپ نے صدر بننے کی صورت میں اپنے پہلے 100 روز کے منصوبوں کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے سسٹم میں تبدیلیاں لانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے ہفتہ کے روز اپنے خطاب میں 1863 کی سول وار کے موقع پر ابراہیم لنکن کی معروف تقریر کی مانند کہا وہ عوام کی، عوام کے ذریعے اور عوام کیلئے نئی حکومت قائم کرینگے۔

ای پیپر-دی نیشن