• news

.عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد کرے، بھارت کو مظالم سے توجہ نہ ہٹانے دے: جلیل عباس

واشنگٹن (اے این این) امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے تصفیے میں مدد کرے اور بھارت کو دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ شہریوں پر ظلم وستم سے ہٹانے نہ دی جائے۔ بالٹی مور میں قائم تھنک ٹینک ورلڈ افیئرز کونسل سے خطاب کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے سارک کانفرنس میں شرکت سے انکار سمیت دوطرفہ اور بین الاقوامی مذاکرات کی تمام سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچانے کے بھارتی عزائم پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام اس وقت تک قائم نہیں ہوسکتا جب تک بڑے مسائل مثلاً جموں و کشمیرکاحل، جوہری اور میزائل ہتھیاروں کی تیاری میں تحمل اور روایتی ہتھیاروں کے حوالے سے توازن پیدا نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جوہری عدم پھیلاؤ کے حوالے سے کردار ادا کررہا ہے اور نیوکلیئر سکیورٹی اور سیفٹی کے حوالے سے بھی اسکا کردار اہم ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جلیل عباس جیلانی نے کہاکہ عالمی برادری خصوصاً امریکہ کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر کے تنازع کو حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں جاری حالیہ حریت کی جنگ کشمیریوں کی امنگوں کی عکاس ہے جس کا عالمی برادری نے ان سے وعدہ کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن