,بھارت نے سری لنکا میں اثر و رسوخ بڑھانے کیلئے سفارتی مہم تیز کردی
اسلام آباد (جاوید صدیق) بھارت نے سری لنکا میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کے لئے سفارتی مہم تیز کردی ہے۔بھارت کے خارجہ سیکرٹری سبرامینیم جے شنکر بھارتی تاجروں کا ایک بڑا وفد لے کر اگلے ہفتے کولمبو پہنچ رہے ہیں۔ خارجہ سیکرٹری کے دورہ کولمبو کے دوران بھارت اور سری لنکا میں تجارت بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوگا۔ بھارتی سرمایہ کار اور تاجر سری لنکا میں سرمایہ کاری کی پیشکش بھی کریں گے۔معتبر سفارتی ذرائع کے مطابق بھارت نے سارک ملکوں میں اپنا اثر بڑھانے کے لئے سری لنکا پر خصوصی توجہ دینا شروع کی ہے۔پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات بہت قریبی ہیں خاص طور پر دفاع کے شعبہ میں پاک سری لنکا تعاون بھارت کے لئے پریشانی کا سبب ہے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آزادانہ تجارت کا سمجھوتہ ہوا ہے لیکن اس سمجھوتے سے تجارت میں کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہوئی۔پاک سری لنکا تعلقات پر نظر رکھنے والوں کی رائے ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کو معیشت اور تجارت کے شعبہ میں تعاون کو وسعت دینے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔