افغانستان : سکیورٹی فورسز کی کاروائیاں داعش کے 54 جنگجوئوں 112 شدت پسند ہلاک 63زخمی
کابل (اے پی پی) افغان فورسز نے مشرقی صوبہ ننگر ہار میں آپریشن کے دوران 54 شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، ہلمند‘فاریاب اور فرح میں کارروائیوں میں 58 عسکریت پسند مارے گئے، ہرات کی مسجد میں بم دھماکے کی اطلاعات ملی ہیں۔ افغان میڈیا کے مطابق کابل میں افغان وزارت دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا مشرقی صوبہ ننگر ہار میں ایک آپریشن کے دوران شدت پسند تنظیم داعش کے 54 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ اس دوران ایک قبائلی رہنما نے افغان میڈیا کوبتایا کہ ان حملوں میں کئی گھروں کو آگ لگ گئی اور متعدد شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ صوبائی گورنر کے ترجمان عطاء اللہ خوگیانی نے بتایا کہ افغان فورسز اور قبائلی لشکر نے داعش کے خلاف مشترکہ کارروائی کی اور مجموعی طور پر تنظیم کے 54 جنگجو ہلاک اور 22 زخمی ہوگئے۔ صوبہ ہلمند اور فاریاب میں جھڑپوں میں 58 عسکریت پسند کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ہلمند کے گورنر نے بتایا کہ لشکرگاہ میں جھڑپوں کے دوران 38 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جن میں 2 طالبان کمانڈر بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ صوبے میں دیگر مقامات پر جھڑپوں میں 16 طالبان زخمی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ زمینی فورسز کو فضائیہ کی مدد حاصل تھی۔ صوبہ فرح میں کارروائیوں کے دوران 20 جنگجوئوں کو ہلاک 25کو زخمی کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ گورنر کے مطابق اس کارروائی میں 9 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگئے ہیں ۔ صوبہ ہرات میں ایک مسجد میں بم دھماکہ کی اطلاعات ملی ہیں تاہم اس سے جانی نقصان نہیں ہوا۔ حکام کے مطابق دھماکہ دارالحکومت کی ایک مسجد میں ہوا۔