• news

ساہیوال، جہلم، فیصل آباد: گھریلو تنازعات پر چار خواتین سمیت 5 افراد کی خودکشی

ساہیوال+ جہلم + فیصل آباد(نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) گھریلو تنازعات پر چار خواتین سمیت 5 افراد نے خود کشی کرلی ۔ ساہیوال کے قصبہ ہڑپہ کے دکاندار غلام نبی کی 35 سالہ بیوی خالدہ پروین نے خاوند کے ناروا سلوک سے تنگ آکر گندم میں رکھنے والی گولیا ں کھالیں۔ چک 6-85/ آر کے نیاز احمد کی نئی نویلی دلہن 19 سالہ کوثر نے ساس کے رویہ سے دلبرداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں جبکہ پاکپتن سے مہمان آئی 28 سالہ صغریٰ نے خاوند علی بہادر کے رویہ سے تنگ آکر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھالیں۔ تینوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئیں۔ علاوہ ازیں جہلم میں علاقہ ڈومیلی کی حدود میں گائوں نکیال کے 50 سالہ ملک حبیب نے گھریلو تنازعہ پر قریبی جنگل میں جاکر گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کرلی۔ فیصل آباد کے کے علاقہ لالیاں میں (ص) نے گھریلو ناچاقی پر دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں نگل لیں۔ اسے ہسپتال داخل کروایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔

ای پیپر-دی نیشن