• news

ایم کیو ایم پاکستان کا عوامی خدمت مہم شروع کرنے کا فیصلہ تمام منتخب نمائندے اور عوام ہمارے ساتھ ہیں فاروق ستار

کراچی (آئی این پی) ایم کیو ایم پاکستان نے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے 100 روزہ عوامی خدمت مہم شروع کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا۔ اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ مہاجرعوام اور کارکنوں کو22 اگست کی عینک سے نہ دیکھا جائے، افسوس ہے کہ کچھ لوگ عوام کو 22 اگست کی آگ میں جھونکنا چاہتے ہیں، خود کو 22 اگست سے جوڑنے والے کچھ لوگ ہماری پالیسیوں اور نظریات کے باعث منتخب نمائندوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں لیکن ہم اب تک خاموش ہیں، دھمکیاں دینے والوں کو بتانا چاہتے ہیں تمام منتخب نمائندے اور عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ 23 اگست کے اقدام کا مقصد تھا عوام اور کارکنوں کو متحد رکھا جاسکے، انہوں نے کہا ایم کیو ایم پاکستان ہی عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور ہم 2 روز بعد پوری طاقت کے ساتھ عوامی رابطہ مہم شروع کر رہے ہیں جس میں ہمارے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور بلدیاتی نمائندے گھر گھر جا کر ایم کیو ایم کا پیغام عوام تک پہنچائیں گے۔ رابطہ مہم کے ذریعے عوام کے مسائل جان کر اپنے اختیارات کے مطابق مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے،100 روزہ عوامی خدمت مہم بھی شروع کر رہے ہیں جس سے سڑکوں کی توسیع و مرمت اور کراچی شہر کی صفائی کر کے اسے خوبصورت بنانے اور پانی کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کریں گے، عوامی مسائل پوری دیانتداری کے ساتھ حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوںنے کہا محدود اختیارات کے باوجود بہت بڑی تحریک شروع کر رہے ہیں اور آج کی پریس کانفرنس پہلا ٹریلر ہے، ارباب اختیار، وفاقی و صوبائی حکومتوں سے کہتا ہوں کہ ہم نے ایسی قربانیاں دی ہیں اس کی نظیر پاکستان میں نہیں ملتی لہذا ہمارے منتخب پارلیمانی و صوبائی ارکان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی اور ظلم اب بند ہونا چاہئے، ہمیں بھی اب برابر کا پاکستانی تسلیم کیا جانا چاہئے۔
فاروق ستار

ای پیپر-دی نیشن