گوادر : نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 کوسٹ گارڈز جاں بحق‘ لاہور : سرچ آپریشن 14 مشتبہ گرفتار
کوئٹہ + لاہور (بیورو رپورٹ + نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) ضلع گوادر کے علاقے جیونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کوسٹ گارڈز کے دو اہلکار جاں بحق‘ دو شہری زخمی ہوگئے جبکہ لاہور میں سرچ آپریشن کے دوران 14 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی شب ضلع گوادر میں نامعلوم مسلح افراد نے جو موٹرسائیکلوں پر سوار تھے‘ تحصیل جیونی میں کوسٹ گارڈ کے دو اہلکاروں نائیک محمود اور سپاہی اشتیاق پر فائرنگ کر دی جس کے باعث دونوں دم توڑ گئے جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر دو شہری بھی زخمی ہو گئے۔ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور کوسٹ گارڈ کے اہلکاروں نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ ادھر لاہور میں پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران14 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے گلشن راوی‘ ساندہ‘ گلشن اقبال‘ سول لائنز اور ریس کورس کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔ پولیس نے شہر میں واقع گرجا گھروں کے اطراف میں واقع گھروں میں لوگوں کے شناختی کوائف چیک کئے۔ پولیس نے مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کیلئے مختلف تھانوں میں منتقل کر دیا ہے۔ رائٹرز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جیونی میں کوسٹ گارڈز پر فائرنگ ایرانی سرحد کے قریب کی گئی ہے۔ دونوں ایک بازار میں گشت کر رہے تھے کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے نشانہ بنایا۔ ابھی تک کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ رائٹرز کے مطابق یہ حملہ سی پیک منصوبے کے حوالے سے اہم ضلع میں کیا گیا ہے جس کی شدت پسند مخالفت کر رہے ہیں۔
گوادر/ اہلکار جاں بحق