• news

افغان سرحد سے دہشت گرد نیٹ ورکس کا خاتمہ کر دیا‘ پاکستان دنیا کیساتھ جتنا آج جڑا ہے پہلے کبھی نہ تھا : آرمی چیف

لاہور/ راولپنڈی (سپورٹس رپورٹر/ نیوز ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب سے ملک سمیت خطے میں استحکام آیا ہے، آج پاکستان پہلے سے زیادہ مستحکم ہے، آج ہمارے بہادر لوگ دنیا کو فخر سے یہ بات بتاسکتے ہیں کہ افغان سرحد پر دور دور تک دہشت گرد نیٹ ورکس کوختم کرکے امن و خوشحالی کی فضا قائم کر دی گئی ہے، سنگدل دشمن پر قابو پانے کے بعد ہمیں ترقی کی راہ پر آگے بڑھنا ہوگا‘ پاک فوج کے جوان چست، پھرتیلے اور ہوشیار ہیں، کھیلوں کے انعقاد سے تمام ممالک سے روابط مزید مضبوط ہوں گے، امید ہے مستقبل میں کھیلوں کا یہ انعقاد مزید وسیع ہو گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لاہور میں پہلی پیسز چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پیسز میں شرکت کرنیوالوں کے تمام مہمانوں کو مبارکباد دیتا ہوں، کھیلوں کے انعقاد سے تمام ملکوں سے روابط مزید مضبوط ہوں گے،کھلاڑیوں نے جرا¿ت ، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا، آپریشن ضرب عضب سے ملک سمیت خطے میں استحکام آیا ہے، امن کے لئے کوششوں میں آپریشن ضرب عضب دنیا کے لئے بڑی مثال ہے۔ انہوں نے شرکاءسے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ نے پاکستان کی خوبصورتی، استحکام اور ہمارے لوگوں کی مہمان نوازی کا لطف اٹھایا ہوگا۔ آپ کی یہاں موجودگی ہماری لازوال دوستی کا نشان ہے۔ امید ہے کہ آپ پاکستان میں قیام کے دوران یہاں سے پر سکون اور خوش گوار یادیں لے کر اپنے گھر واپس جائیں گے۔ پہلے انٹرنیشنل پیسز مقابلے ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ ہم مستقبل میں بھی اس طرح کے مقابلے کا انعقاد کرنے پر توجہ مرکوز رکھیں گے مجھے یقین ہے کہ اس میں بھی بڑی تعداد میں لوگ شرکت کرینگے۔ آرمی چیف نے کہاکہ دنیا بھر سے 18 اہم افواج کے دستے پاکستان پہنچے‘ آج پاکستان باقی دنیا سے جتنا جڑا ہوا ہے‘ اتنا پہلے کبھی نہیں جڑا تھا۔ پاک فوج کے دلیر جوانوں نے دہشت گرد نیٹ ورک کا خاتمہ کر دیا ہے۔ آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے خطے میں امن قائم ہوا۔ چیمپئن شپ سے تمام ممالک کو مزید ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملا ہے۔ آج ہمارے بہادر جوانوں نے ثابت کر دیا ہے کہ انہوں نے دہشت گردی کے نیٹ ورک کو توڑ دیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان اور افغان بارڈر جیسے دور دراز ایریا سے بھی دہشت گردوں کا صفایا کر دیا گیا ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ تقریب میں شرکت کرنے والوں اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ دنیا کی بہترین افواج نے چیمپیئن شپ میں شرکت کی۔ قبل ازیں آرمی چیف نے کامیاب فوجی جوانوں میں میڈلز تقسیم کئے۔ اور تمام شریک ممالک کے فوجی جوانوں کے ساتھ گروپ فوٹو بنوائے۔ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج نے اپنی صلاحیتوں کو لوہا منوایا ہے۔ آپریشن ضرب عضب قیام امن کیلئے شروع کیا گیا۔ اس موقع پر کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق‘ ڈی جی رینجرز پنجاب‘ عمر فاروق برکی‘ جی او سی کینٹ ڈویژن سمیت اعلیٰ عسکری حکام موجود تھے۔ اختتامی تقریب فورٹریس سٹیڈیم لاہور میں ہوئی۔ شوبز‘ کرکٹ اور دیگر کھیلوں سے تعلق والی متعدد شخصیات بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔ تقریب کے موقع پر پاک فوج کی جانب سے سخت ترین حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔
آرمی چیف

ای پیپر-دی نیشن