• news

برطانیہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے میں مدد کرے: طارق فاطمی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) برطانیہ کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر سر مارک لائل گرانٹ نے گزشتہ روز معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے طارق فاطمی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ مارک لائل گرانٹ نے انسداد دہشت گردی کے شعبہ میں پاکستان کی کامیابیوں کی تعریف کی اور پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان سے دہشت گردی کیخلاف مزید اقدامات کرنے کا بھی کہا۔ طارق فاطمی نے خطہ کی صورتحال کے حوالہ سے مقبوضہ کشمیر کے حالات کا خصوصی تذکرہ کرتے ہوئے کہا برطانیہ نہ صرف سلامتی کو نسل کا مستقل رکن ہے بلکہ اس خطہ سے برطانیہ کے تاریخی تعلقات اور اثر و رسوخ کی وجہ سے برطانیہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے ، پاک بھارت بات چیت کرانے میں اپنا کردار ادا کرے اور مسئلہ کشمیر حل کرانے میں مدد کرے۔ طارق فاطمی نے دوران ملاقات افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کیلئے پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان میں بہتر ہوئی سکیورٹی صورتحال اور اقتصادی بحالی پر اس کے اثرات پر بھی روشنی ڈالی۔

ای پیپر-دی نیشن