• news

فیصل آباد میں وویمن آن وہیل ریلی رانا ثناء اللہ کی شرکت

لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب کے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے زیر اہتمام فیصل آباد میں ڈرائیونگ کی تربیت حاصلکرنے والی موٹر سائیکل سوار خواتین کی ریلی منعقد ہوئی جس کی قیادت موٹرسائیکلز پر سواری کرکے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خاں ‘ سینئر ممبر سپیشل مانیٹرنگ یونٹ سلمان صوفی ‘ ڈی سی او سلمان غنی اور وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کی۔ اس موقع ایم این اے بیگم خالدہ منصور ‘ ارکان صوبائی اسمبلی مدیحہ رانا ‘ بیگم نجمہ افضل ‘چیف ٹریفک آفیسر عارف شہباز خاں وزیر اور سول سوسائٹی کے نمائندے و مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔یہ ریلی زرعی یونیورسٹی کے مین گیٹ سے شروع ہو کر ہلال احمر چوک اور واپس زرعی یونیورسٹی پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی جس میں 60 سے زائد موٹر سائیکل سوار خواتین نے حصہ لیا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خاں نے کہا کہ تعلیم ‘ ملازمت اور دیگر گھریلو کاموں کی انجام دہی کے سلسلے میں آمد و رفت کے لئے خواتین کا موٹر سائیکل چلانا معاشرے میں اہم مثبت تبدیلی ہے جسکا مقصد خواتین کو مردوں کے ہم پلہ خود انحصار بنا کر ترقی کی رفتار مزید تیز کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب نے خواتین کو بااختیار بنانے اور انکے تحفظ و ترقی کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں اس سلسلے میں تحفظ نسواں ایکٹ اور دیگر قانون سازی کے علاوہ وومن آن وہیلز بھی اہم قدم ہے۔

ای پیپر-دی نیشن