اسلام کی سربلندی کیلئے متحد ہوکر کام کرنا ہو گا: مفتی اعظم لبنان
لاہور+ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ آن لائن) مفتی اعظم لبنان الشیخ ڈاکٹر سید اسامہ الرفاعی نے کہا ہے مسلم اُمہ کے مسائل کے حل اور اپنے روشن مستقبل کے لئے آپس میں اتحاد واتفاق کو فروغ دیں، اہلسنت میں حنفی، مالکی، شافعی اور حنبلی داخل ہیں انہیں متحد ہوکر اسلام کے خلاف اٹھنی والی آوازوں کیخلاف کام کرنے کی ضرورت ہے۔ امت اس وقت تک گمراہ نہیں ہو سکتی جب تک وہ اپنے عقیدہ پر سختی کے ساتھ قائم ہے۔ عقیدہ‘ شریعت اور تصوف ایک تسلسل کا نام ہے جو کہ حضور ؐ تک پہنچ جاتا ہے جو اس تسلسل سے متصل نہیں ہو مقطوع العلم ہے اور اس کی پیروی نہیں کی جا سکتی ہے۔ اہل علم اور مدرسہ پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ صحیح علم کو آگے تک پہنچائیں۔ دین ان کی وجہ سے قائم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی، چیئرمین مسلم ہینڈز برطانیہ سید لخت حسین شاہ، کنٹری مینجر ضیاء النور شاہ، مفتی ڈاکٹر محمد حسیب قادری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے صدارت مفتی عبدالعلیم سیالوی نے کی، مفتی انور القادری، مولانا غلام نصیر الدین چشتی، مولانا محبوب احمد، مفتی محمد عمران حنفی، پیر سید شہباز احمد سیفی سمیت جامعہ نعیمیہ کے اساتذہ، طلبائ، نعیمین ایسوسی ایشن کے مرکزی عہدیداروں‘ علماء ومشائخ سمیت لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ دریں اثناء شیخ اسامہ الرفاعی نے ’’اسلام دین امن‘‘ کے عنوان سے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا اسلام مغربی تصور کی طرح قومیت، رنگ و نسل، زبان یا علاقوں کی محبت پر استوار نہیں کیا گیا بلکہ اسلام تو اس تنگ نظری اور محدود نظریہ کی نفی کرتے ہوئے صرف اور صرف مذہب کی بنیاد پر وحدت ملی کا تصور پیش کرتا ہے جس میں کسی عربی کو کسی عجمی اور کسی گورے کو کسی کالے پر فضیلت حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا اسلام کی سربلندی کیلئے مل کر جدوجہد کرنا ہو گی۔ ایک مخصوص گروہ اسلام کے نام پر دنیا بھر میں قتل و غارت مچا رہا ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ مسلم ہینڈز انٹرنیشنل پاکستان صاحبزادہ سید ضیاء النور نے کہا جس نے کلمہ حق لا الہ الا اللہ پڑھ لیا اس کے تمام حقوق پوری ملت اسلامیہ پر فرض ہو گئے، آج مسلمان مسلمان کا گلا کاٹ رہا ہے جو پوری دنیا میں اسلام کی جگ ہنسائی کا باعث ہے‘ ہم نظریہ پاکستان اور نظریہ اسلام سے کلی طور پر منحرف ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے ہمارا قومی و ملی وجود خطرے میں پڑ چکا ہے۔ مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کی دعوت پر 7 روزہ دورے پر پاکستان آنے والے شیخ اسامہ الرفاعی نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی انتظامیہ کو اسلامی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔