نوید قمر کے والد انتقال کر گئے بلاول کا اظہار افسوس‘پیپلز پارٹی کی آج فیصل آباد میں ریلی اور جلسہ منسوخ
حیدر آباد/ فیصل آباد (نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے ایم این اے نوید قمر اور معروف ماہر امراض قلب ڈاکٹر ندیم قمر کے والد سابق سینیٹر پییلز پارٹی اور ایوان زراعت سندھ کے سابق صدر سید قمر الزماں شاہ طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے۔ سندھ کے کاشتکاروں نے سید قمر الزماں شاہ کے انتقال پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایوان زراعت سندھ اور صوبے کے زرعی شعبے کیلئے بہت بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق سید قمر الزماں شاہ کی تدفین کا فیصلہ انکے فرزند ایم این سے سید ندیم قمر کی وطن واپسی پر کیا جائیگا۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی نوید قمر کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں پیپلزپارٹی کی طرف سے فیصل آباد میں نکالی جانے والی ریلی اور جلسہ دو ہفتوں کیلئے منسوخ کردیا گیا۔ ریلی کی قیادت قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی خورشید شاہ نے آج پیر کے روز کرنی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر کے والد کی وفات کی وجہ سے ریلی اور جلسہ منسوخ کیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے ترجمان کے مطابق دو تین ہفتوں تک نئی تاریخ کا اعلان کیا جائیگا۔