عمران اپنا احتجاجی پروگرام منسوخ‘ عدالتی فیصلے کا انتظار کریں: ساجد میر
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ عدالت کے فیصلہ سے پہلے ہی اپنا فیصلہ صادر کردینا کہاں کی دانشمندی ہے۔ عدالت کے فیصلے تک رائے زنی اور سیاسی شعبدہ بازی بند ہونی چاہیے۔ سیاسی عدم استحکام اور انتشار کے ذریعے جمہوریت کو بند گلی کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔آئین و قانون کی حکمرانی دھرنوں سے نہیں ہو تی۔ مرکزی دفتر میں ذیلی تنظیموں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور آئین و قانون پر اعتماد کا یہ تقاضا ہے کہ عمران خان اپنا احتجاجی پروگرام منسوخ کردیں اورعدالت کے فیصلے کا انتظار کریں‘ انہیں تمام شواہد اور اپنا مؤقف عدالت عظمیٰ میں پیش کرنے چاہیے۔ اب کسی احتجاجی تحریک یا دھرنے کا کوئی جواز نہیں رہتا۔ وزیراعظم نے سپریم کورٹ میں کارروائی کے آغاز میں جس کھلے دل سے خیرمقدم کیا ہے ‘وہ خوش آئند ہے۔ عمر ان خان کو بھی اسلام آباد میں کسی قسم کی ہنگامہ آرائی سے اجتناب کرنا چاہیے۔ ہنگامہ آرائی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔