وزیراعلی نے بیورو کریسی کے درمیان9 نئی گاڑیوں کی حوالگی کا پھڈا حل کرا دیا
لاہور (معین اظہر سے) پنجاب میں 1600 سی سی نئی لگژری گاڑیوں پر وزیر اعلی سیکرٹریٹ اور سول سیکرٹریٹ کی بیورو کریسی کے درمیان گاڑیوں کی حوالگی پر پھڈا شدت اختیار کرجانے پر وزیراعلی نے مداخلت کرتے ہوئے مسئلہ حل کرا دیا ہے یہ گاڑیاں پارلیمانی سیکرٹریوں، چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی کے لئے منگوائی گئی تھیں۔ وزیراعلی سیکرٹریٹ نے 6 گاڑیاں اپنے پاس منگوا لیں جس پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے باقی 3 گاڑیوں کی آمد پر وزیراعلی کو کہا ان کو ایک نئی گاڑی دی جائے چیف سیکرٹری نے بھی ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو گاڑی دینے کی سفارش کی جسے بعد میں وزیراعلی سیکرٹریٹ نے ماننے سے انکار کر دیا۔ جس پر وزیر اعلی نے فیصلہ کیا مزید 3 نئی گاڑیاں وزیر اعلی سیکرٹریٹ کو ہی بھجوائی جائیں اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کے لئے 1600 سی سی نئی لگژری گاڑی خریدنے کی منظوری دے دی۔ حکومت پنجاب نے بجٹ کے فوری بعد صوبے میں سخت مالی ڈسپلن لاگو کرنے کے لئے نئی گاڑیوں، دفاتر کی تزئین آرائش پر پابندی عائد کی تھی تاہم اب نئی گاڑیوں کے لئے کروڑوں روپے کے فنڈز جاری ہونا شروع ہو گئے ہیں جب کہ بچت کمیٹی کو کیس بھجوائے بغیر براہ راست بیورو کریسی نئی گاڑیوں کے لئے فنڈز منظور کرا رہی ہے۔ محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن کے ٹرانسپورٹ پول نے پروٹوکول ڈیوٹی، پارلیمانی سیکرٹریوں، چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹیوں کو نئی گاڑیاں دینے کے لئے 15 گاڑیوں کی خریداری کا مطالبہ کیا تھا جس پر وزیر اعلی پنجاب نے 9 گاڑیاں خریدنے کی منظوری دی 6 نئی گاڑیوں کی ڈیلیوری ہو ئی تو وزیراعلی سیکرٹریٹ نے محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن کو ہدایات جاری کیں فوری طور پر یہ 6 گاڑیاں وزیراعلی آفس کے سپرد کر دی جائیں اس پر محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن نے اعتراض لگایا 3 گاڑیاں لے لی جائیں بعدازاں وزیراعلی پنجاب کی مداخلت پر 6 گاڑیاں وزیر اعلی آفس کے سپرد کر دی گئیں جب 3 مزید گاڑیاں ملیں تو وزیراعلی سیکرٹریٹ نے یہ بھی وزیراعلی سیکرٹریٹ کے حوالے کرنے کی ہدایات جاری کر دی جس پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب نے وزیر اعلی کو اپنی درخواست بھجوائی کہ میرے پاس 2007 ماڈل کی گاڑی ہے جو ایک لاکھ 90 ہزار کلومیٹر چل چکی ہے تین نئی گاڑیوں میں سے ایک گاڑی دی جائے لیکن وزیراعلی سیکرٹریٹ نے نئی گاڑیوں کو فوری وزیر اعلی آفس کے حوالے کرنے کی ہدایت کی بعدازاں جس پر وزیر اعلی پنجاب نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے لئے بھی نئی گاڑی منگوانے کے لئے 20 لاکھ 76 ہزار روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ ذرائع محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن کے کے مطابق1600 سی سی نئی گاڑیاں وزیر اعلی سیکرٹریٹ نے لی ہیں جبکہ اس وقت وزیر اعلی سیکرٹریٹ کے پاس محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن کی 50 سے زیادہ گاڑیاں ہیں اور وزیر اعلی کے ٹرانسپورٹ پول میں 12 بلٹ پروف ، اور دیگر 26 گاڑیاں پہلے ہی تھیں مزید 9 نئی گاڑیاں دے دی گئی ہیں۔