حیدرآباد: متحدہ کے 4 غیر قانونی دفاتر مسمار: کراچی، دفتر کی زمین میں دفن اسلحہ برآمد
حیدرآباد +کراچی (نمائندہ نوائے وقت + کرائم رپورٹر + آئی این پی) حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں ایم کیو ایم کے دفاتر کی تلاشی لی گئی اور 4 غیر قانونی دفاتر مسمار کر دیئے گئے ہیں۔ جبکہ کراچی میں مسمار کئے گئے ایک دفتر کی زمین میں دفن اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ ایم کیوایم ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے حیدرآباد کے علاقوں حالی روڈ، تلک چاڑی، سائٹ، سرے گھاٹ اور دیگر مقامات پر ایم کیو ایم کے دفاتر پر چھاپے مارے اور دفاتر کی تلاشی لی۔ ذرائع کے مطابق امریکن کوارٹر کے علاقے اور سخی وہاب کالونی میں ایم کیو ایم کے دو دفاتر کو گرادیا گیا۔ اس طرح سائٹ ایریا او رسرے گھاٹ کے علاقے میں واقع ایم کیو ایم کے دفاتر کو بھی گرا دیا گیا۔ ادھر قانون نافذ کرنے والے ادارے نے نیو کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے مسمار کیے گئے سیاسی جماعت کے دفتر کی زمین میں دفن اسلحہ برآمد کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کارروائی زیرحراست شریف آباد کے سابق یوسی ناظم ابو حامدکی نشاندہی پر کی گئی،برآمد شدہ اسلحے میں 7 ایم ایم رائفل، نائن ایم ایم پستول، دستی بم اور اوان بم شامل ہیں۔ ابوحامدکے ساتھ سرگرم کارکن جمیل شاہ کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔