لوڈشیڈنگ جاری، لاہور میں تعمیر و مرمت کے نام پر 46 فیڈرز بند
لاہور (نیوز رپورٹر) لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ اتوار کے روز جاری رہا۔ بجلی کا خسارہ لیسکو کا 9 سو میگاواٹ ہونے سے 8 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ شہری جبکہ دیہی علاقے میں 10 گھنٹے تک بجلی بند ہوتی رہی۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں تعمیر و مرمت کیلئے 46 فیڈرز بھی بند رہے جس کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بندش نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ این این آئی کے مطابق ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے تربیلا فور توسیعی منصوبے سے آئندہ سال سے 1410 میگاواٹ کی اضافی بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ واپڈا ذرائع کے مطابق ارسا منصوبے پر لاگت کا مجموعی تخمینہ 92 کروڑ ڈالر ہے ٗابتدائی فزیبلٹی کے مطابق منصوبے پر کام 2018ء میں مکمل ہونا تھا تاہم وزیراعظم نے کام وقت سے پہلے مکمل کرنے کا حکم دیا جس کے بعد منصوبے پر کام کی رفتار تیز کر دی گئی ہے۔ واپڈا ذرائع کے مطابق توقع ہے مئی 2017ء سے پیداوار شروع ہو جائے گی۔ 1410 میگاواٹ کی پیداوار بڑھنے سے تربیلا ڈیم سے بجلی کی پیداوار بڑھ کر 4888 میگاواٹ ہو جائے گی۔