فرقہ وارانہ فسادات کے ذریعے مسلمانوں کی عسکری قوت ختم کی جارہی ہے: طاہر القادری
(خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری گزشتہ روز لندن سے اردن پہنچ گئے جہاں وہ حکومت اردن کی طرف سے منعقد کی جانے والی انٹرنیشنل سیرت کانفرنس میں شرکت اور خصوصی خطاب کریں گے۔ گزشتہ روز اردن میں ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے مفتی اعظم یروشلم شیخ محمد احمد حسین، محدث شام شیخ محمد الیعقوبی کے علاوہ عالم اسلام کی ممتاز شخصیات عبد اللہ بن بایا، مفتی مصر شیخ علی جمعہ، مفتی یمن شیخ محمد بن الحافظ، شیخ حبیب علی جفری نے ملاقات کی اور عالم اسلام کو در پیش مقامی و بین الاقوامی مسائل و مشکلات پر تبادلہ خیال کیا۔ طاہر القادری نے کہا کہ عالم اسلام کی بقا، ترقی و خوشحالی کیلئے اتحاد و یکجہتی کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ امت کے درمیان فاصلوں کو کم کرنے کے حوالے سے مفتیان و سکالرز اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ منصوبہ بندی کے تحت عالم اسلام کو سیاسی اعتبار سے دست و گریبان کر دیا گیا اور فرقہ وارانہ فسادات کے ذریعے امت مسلمہ کی سیاسی، معاشی، عسکری قوت کو ختم کیا جا رہا ہے۔ طاہر القادری انٹرنیشنل سیرت کانفرنس میں آج افتتاحی لیکچر دیں گے۔