اقتصادی راہداری کے تحت 3400 کلو میٹر نئی شاہراہیں تعمیر ہونگی: صدر ممنون
(نیوز ایجنسیاں)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کے تحت 3400 کلومیٹر نئی شاہراہیں تعمیر ہوں گی،چاروں صوبے، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اس سے یکساں مستفید ہوں گے اور ہزاروں کی تعداد میں نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس کوریڈور کے اصل منصوبے میں کسی قسم کا کوئی ردوبدل نہیں کیا جائے گا۔ گزشتہ ادوار میں ناقص حکمرانی کی ایک مثال 2008ء میں ملکی قرضوں کا حجم 6700 ارب سے بڑھ کا 2013ء میں 14800 ارب تک پہنچ جانا ہے جبکہ انفراسٹرکچر کا کوئی بڑا منصوبہ بھی اس دور شروع نہیں کیا گیا۔ اندرون و بیرون ملک پاکستانی نوجوان اپنے آپکو کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور سمارٹ فون جیسی جدید ٹیکنالوجیز اور جدید تعلیم سے آراستہ کریں کیونکہ اس کا مثبت استعمال انفرادی اور اجتماعی طور پر ترقی میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔قطر میں پاکستانی سفارتخانہ کے زیر انتظام پاکستان ایجوکیشن سینٹر میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ انٹرنیٹ کی ایجاد نے اس دنیا کو تبدیل کر دیا ہے تاہم صدر مملکت نے ان ٹیکنالوجیز کے منفی استعمال کے حوالے سے خبردار کیا اور کہا کہ میں مشورہ دیتا ہوں کہ آپ انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے ان ٹیکنالوجیز کے بارے میں علم حاصل کریں۔ انہوں نے پاکستانی طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کے بارے میں مثبت سوچ کو فروغ دیں اور ہماری اخلاقی اور روحانی اقدار کی پیروی کریں۔ صدر نے کہا کہ وہ شخص جو دیانتداری اور عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے، کرپشن سے اجتناب کرتا ہے اور انسانیت کی فلاح کیلئے اپنے آپ کو وقف کرتا ہے وہی شخص اچھا تصور کیا جائے گا، یہی وہ راستہ ہے جس پر چلتے ہوئے ہم اس دنیا کو پرامن اور خوبصورت بنا سکتے ہیں۔ہمیں نئی نسل سے کافی امیدیں وابستہ ہیں اور مجھے یقین ہے کہ آپ مایوس نہیں کریں گے۔ صدر مملکت نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پاکستان ایجوکیشن سینٹر سے فارغ التحصیل نوجوان برادر ملک میں قطر کی مسلح افواج سمیت مختلف شعبوں میں بڑی تعداد میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس کے نتیجہ میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات مزید مستحکم اور گہرے ہوں گے۔ طالب علم دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو اپنے اچھے اور دوستانہ رویہ سے مزید بہتر بنا سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، چاہتے ہیں کہ قطر پاکستانی افرادی قوت کیلئے مختص کوٹے میں اضافہ کرے ، پاکستانی افرادی قوت کے لئے ویزے کے عمل کو بھی آسان ہونا چاہیے ۔گزشتہ روز قطر کے وزیر محنت وترقی ڈاکٹر عیسیٰ بن سعد الغلافیسے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ سوا لاکھ پاکستانی قطر کی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں ، وافر افرادی قوت کی وجہ سے پاکستان قطر کی ضروریات پوری کر سکتا ہے ۔ علاوہ ازیں صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ اقوام متحدہ عالمی برادری کیلئے مختلف چیلنجوں سے نمٹنے اور عالمی برادری کو درپیش مختلف مسائل کے حل کیلئے بہترین فورم ہے، پاکستان کثیرالجہتی تعاون کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، ہم اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اس کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری کا عزم کرتے ہیں اور اس ضمن میں اپنا موثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔اقوام متحدہ کی 71ویں سالگرہ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان امن ، سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق کے اجتماعی مقاصد کے فروغ کیلئے اقوام متحدہ میں اپنا کلیدی کردار برقرار رکھے ہوئے ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت اندرونی چیلنجوں کے باوجود ہم اقوام متحدہ کے امن مشن میں بڑے شراکت دار ہیں، ہماری منزل عالمی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ دنیا کے پسے ہوئے طبقات کیلئے امید کی کرن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو اس وقت عالمی امن اور سلامتی برقرار رکھنے کیلئے کئی خطرات اور چیلنجوں کا سامنا ہے ۔ ان چیلنجوں سے ایک مضبوط اور موثر اقوام متحدہ ہی نمٹ سکتا ہے۔