• news

.سپریم کورٹ: تحریک انصاف کے استعفے منظور نہ کرنے کیخلاف 45 افراد کو نوٹس، پرسوں سماعت ہوگی

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان تحریک انصاف کے ممبران اسمبلی کے استعفے منظور کرنے اور انہیں کام سے روکنے کیلئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر ظفر علی شاہ کی دائردخواست پر پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان‘ وزیراعظم نوازشریف‘ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق‘ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ‘ پی ٹی آئی کے دیگر ممبران اسمبلی‘ الیکشن کمشن‘ اٹارنی جنرل سمیت مجموعی طورپر 45 افراد کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 27 اکتوبر کو کیس کی سماعت کرے گا۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما ظفر علی شاہ نے 2014ء میں پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کے دیئے اجتماعی استعفوں پر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کے پاس مذکورہ معاملے پر ریفرنس دائر کیا جس پر مبینہ ملی بھگت سے کارروائی نہیں ہوئی۔ سپیکر کو پی ٹی آئی کے اجتماعی استعفے قبول کرکے معاملہ الیکشن کمشن کو بھجوانا چاہیے تھا جہاں سے ان پارلیمنٹیرین کو نااہل قرار دیتے ہوئے انکی اسمبلی رکنیت منسوخ کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری ہونا چاہئے تھا مگر ایسا نہیں ہوا۔ انکی شنوائی نہیں ہوئی جس پر انہوں نے مذکورہ افراد کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ درخواست سپریم کورٹ میں زیرالتوا تھی۔

ای پیپر-دی نیشن