• news

طالبان وفد آنے کی تصدیق، پاکستان بھارت میں ہارٹ ایشیا کانفرنس میں شریک ہوگا: سرتاج عزیز

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے افغان طالبان کے وفد کی اسلام آباد آمد کی تصدیق کردی ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بتایا کہ افغان طالبان کا وفد پاکستان آیا ہے تاہم ان کے دورے کے دوران ہونے والی بات چیت سے متعلق نہیں بتا سکتا۔ افغانستان میں قیام امن کیلئے ہماری کوششیں جاری ہیں اور اس حوالے سے طالبان کی ایک ملاقات قطر میں بھی ہوئی ہے۔ پاکستان بھارت میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں شرکت کرے گا جو دسمبر کے پہلے ہفتے میں امرتسر میں ہوگی۔ مقبوضہ کشمیر سے متعلق سرتاج عزیز نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان نے 8جولائی سے بہت موثر مہم چلائی ہے‘ تاشقند میں 56 ممالک نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی مذمت کی۔ کشمیر سے متعلق بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے۔ سکیورٹی اور انسانی حقوق اقوام متحدہ کے اہم ستون ہیں اور اقوام متحدہ اور یورپی یونین کا ہمیشہ سے اہم کردار رہا ہے۔ ہم نے کشمیر سے متعلق اہم عالمی فورمز پر خطوط لکھے ہیں۔ سرتاج عزیز نے لائن آف کنٹرول پر اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کے دورے کا بھی مطالبہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن