• news

عمران کسی اور کے اشارے پر فیصلے کرتے ہیں سی پیک کی دھجیاں اڑا رہے ہیں: جاوید ہاشمی

ملتان(آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ عمران خان صرف نوازشریف کو ہٹاکر خود وزیراعظم بننا چاہتے ہیں لیکن 2 نومبرکو کسی کی جیت یا ہار نہیں ہوگی۔ پارلیمنٹ توڑنے کے بعد کیا گارنٹی ہے کہ 3ماہ میں الیکشن ہونگے۔ تحریک انصاف میں مشاورت کا کوئی نظام نہیں۔ عمران خان کسی اور کے اشارے پرفیصلے کرتے ہیں۔ عمران خان اپنی حرکتوں سے پی ٹی آئی کو ڈبو دیں گے۔ حلفیہ کہتا ہوں مسلم لیگ ن سے کوئی رابطہ نہیں نا ہی مجھے رابطے کا شوق ہے۔ ملتان میں اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی میں فیصلے نہیں کیے جاتے، پی ٹی آئی کے فیصلے کہیں اور ہی ہوتے ہیں، پارٹی چیئرمین تک کو اس کا علم نہیں ہوتا، عمران خان کو ایک گھنٹے پہلے پتا نہیں ہوتا کہ کیا فیصلہ کرنا ہے۔ یہ فیصلے کون اور کس کے اشارے پر کررہا ہے اس کا علم نہیں لیکن عمران خان نے سی پیک کو اہمیت نہیں دی جب کہ ان کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے سی پیک کے حوالے سے سوالات کے جوابات چینی سفیر نے دیئے۔ عمران خان کی جو حرکتیں ہیں، وہ پارٹی کو نقصان پہنچائیں گی۔ اگر ادارے ٹوٹے تو ملک کا نقصان ہوگا، مجھے حکومت کی نہیں قوم کے مستقبل کی فکر ہے جب کہ نوازشریف پر جرم ثابت ہو تو انہیں ضرور سزا ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے، پاناما معاملہ سپریم کورٹ میں ہے، عدالتی فیصلے کا انتظار کیا جائے، اداروں پر چڑھائی نہیں کرنی چاہیے، میں یہ باتیں اس لیے نہیں کہہ رہا کہ میں وزیراعظم کا دفاع کر رہا ہوں، مجھے نواز شریف کی پروا نہیں بلکہ ملک کی پرواہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے عام آدمی کی زندگی بدل جائے گی ۔ معلوم نہیں عمران خان کس کے کہنے پر سی پیک کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن