• news

دھرنے سے نظام کو خطرہ، عمران لاکھ برا کہیں کچھ نہیں کہوں گا : خورشید شاہ

حیدر آباد (نمائندہ نوائے وقت+ نیوز ایجنسیا) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ احتجاج کا حق سب کو ہے لیکن تحریک انصاف کے 2 نومبر کے احتجاج سے نظام کو خطرہ بھی ہو سکتا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میںانہوں نے ایک بار پھر عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ عمران خان کارکنوں کو آخری حد تک نہ لائے جائیں اور حکومت بھی پرتشدد ماحول پیدا نہ کرے، احتجاج کا حق سب کو ہے لیکن تحریک انصاف کے 2 نومبر کے احتجاج سے نظام کو خطرہ بھی ہو سکتا ہے۔اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا ملک میں اتار چڑھا دیکھا ہے عمران خان نے ابھی تک کچھ نہیں دیکھا۔ ہم نے کوڑے قید اور پھانسیاں دیکھی ہیں۔ تحریک کو کامیاب کرنے کیلئے سب سے پہلے لیڈروں کو قربانیاں دینا پرتی ہیں، خورشید شاہ نے کہا کہ سیاست میں سب کو احتجاج کا حق ہے لیکن احتجاج ایسی صورت اختیار نہ کرے جس سے جانوں کو نقصان پہنچے۔ وزیراعظم کو آرمی چیف کے معاملے میں 15 روز پہلے جو بھی فیصلہ کرنا ہے کہ دینا چاہیے تھا۔ اپنے خلاف عمران خان کیطرف سے سخت تنقید اور نازیبا زبان استعمال کرنے کے حوالے سے توجہ دلانے پر خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان جس طرح سوچ رہے ہیں میں اس سے بہت آگے ہوں۔ نیب کے چیئرمین کا تقرر آئین اور قانون کے مطابق کیاگیا تھا۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران مجھے لاکھ برا کہیں میں انہیں کچھ نہیں کہوں گا۔ میں اپوزیشن لیڈر ہوں مجھ پر پوری اپوزیشن کی ذمہ داری ہے۔ عمران کا ایک مطالبہ ہے ہمارا چار مطالبات ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن