• news

کشمیر: پاکستان، بھارت کا معاملہ ہے دونوں کو ہی ملکر طے کرنا ہوگا: برطانوی وزیراعظم

لندن(نیٹ نیوز + نوائے وقت رپورٹ) برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو دوطرفہ مذاکرات کرکے مسئلہ کشمیر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ برطانوی پارلیمنٹ میں بولٹن سے رکن یاسمین قریشی کے سوالات کا جواب دے رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کشمیر کے حوالے سے انہی خیالات کا اظہار کررہی ہیں جو عرصے سے برطانیہ کا موقف رہا ہے کہ کشمیر کا تنازع پاکستان اور بھارت کے درمیان معاملہ ہے جسے دونوں ہی ملکر طے کرنا ہے۔ یاسمین قریشی نے برطانوی وزیراعظم سے کہا تھا کہ وہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے سامنے کشمیر کا معاملہ اٹھائیں تاہم برطانوی وزیراعظم نے گھساپٹا بیان دیکر جان چھڑا لی۔ دریں اثنا برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیریوں کے آج یوم سیاہ کے حوالے سے تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر تنازعہ پر اقوام متحدہ کی قراردادیں آج بھی موثر ہیں، بھارت کشمیریوں کو حق خودارادیت دے۔

ای پیپر-دی نیشن