لاہور ہائیکورٹ کی 150سالہ تقریبات یکم نومبر کو شروع ہوں گی: انتظامات مکمل
لاہور(وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ کی صدار ت میں عدالت عالیہ کی ڈیڑھ سو سالہ تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس میں بتایا گیا انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ اجلاس میں جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی ، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ خورشید رضوی سمیت دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ تقریبات کا آغاز یکم نومبر کو ہوگا، افتتاحی تقریب میں ہائیکورٹ کے تمام ریٹائرڈ چیف جسٹس صاحبان موجود ججز، ملازمین شرکت کرینگے، چیف جسٹس نے مزید بتایا افتتاحی تقریب بیک وقت لاہور، راولپنڈی، ملتان اور بہالپور میں ہو گی۔ ڈویژن بنچوں میں متعلقہ اضلاع کے جوڈیشل افسر شریک ہونگے۔ 5 نومبر بہاولپور بنچ میں سمپوزیم ہو گا جس میں 9 اضلاع کے جوڈیشنل افسر ،وکلاء تنظیموں کے نمائندوں سمیت دیگر شریک ہونگے۔6 نومبر کو جمخانہ کلب لاہور میں ہائیکورٹ کے ججز کے درمیان کرکٹ میچ کھیلا جائیگا۔ 7 نومبر کو نو مختلف اضلاع میں بچوں کو ضلعی عدالتوں کا دورے کرائے جائیں گے اور انہیں ججز ، عدالتی کارروائی اور وکلا کی خدمات سے متعلق آگاہی فراہم کی جائیگی تا کہ بچوں میں نظام عدل کے حوالے شعور پیدا ہو سکے۔ 12 اور 13 نومبر کو نو اضلاع میں ضلعی عدلیہ کی تقریبات ہونگی۔ 14 نومبر راولپنڈی بنچ میں سمپوزیم ہو گا اور اسی دن مزید بچوں کو عدالتوں کا دورہ کرایا جائیگا۔ ڈیڑھ سو سالہ تقریبات میں فوٹو گرافی، مضمون نگاری سمیت دیگر نوعیت کے مقابلے بھی رکھے گئے ہیں۔ تقریبات کا اختتام 10 دسمبر کو ہو گا، اختتام تقریب میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور شہیر جمالی مہمان خصوصی ہونگے۔ ڈیڑھ سو سالہ تقریبات میں وکلاء تنظیموں کے نمائندوں ، سول سوسائٹی ، نوجوان وکلاء سمیت دیگر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔