’’را‘‘ کے دہشت گرد ائرپورٹس کو نشانہ بنا سکتے ہیں، سکیورٹی ہائی الرٹ کی جائے، حساس اداروں کی رپورٹ
لاہور(نامہ نگار) حساس اداروں کی جانب سے پولیس اور ایئر پورٹ حکام سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلع کیا گیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی’’را‘‘ کے دہشت گرد صوبائی دارالحکومت سمیت ملک کے دیگر شہروں میں موجود ایئر پورٹس پر دہشت گردی کی کارروائی کرسکتے ہیں۔ دہشتگرد کارروائی کیلئے ریموٹ کنٹرول بم استعمال کرسکتے ہیں۔حساس اداروں کی طرف سے پولیس، ائیر پورٹ حکام، سپیشل برانچ سمیت قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کو اطلاع دی گئی ہے دہشت گرد صوبائی دارالحکومت لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، ملتان سمیت ملک کے کسی بھی ائیر پورٹ پر دہشت گردی کی کارروائی کرسکتے ہیں۔ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ دہشت گرد کارروائی کیلئے ٹائم بم استعمال کرسکتے ہیں۔ دہشت گرد ایئر پورٹ کے ساتھ پبلک مقامات، مساجد، امام بارگاہوں، بس سٹینڈز اور دیگر مقامات کو بھی نشانہ بناسکتے ہیں۔ حساس اداروں نے پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کو ہدایت کی دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر ایئرپورٹ سمیت شہر کے اہم مقامات کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کیا جائے۔